حکمرانوں کی اقتدار کی ہوس نے قوم کو منزل سے دور رکھا ہوا ہے‘ میاں محمد اسلم

208
اسلام آباد ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ، حاجی دلاور ، داؤد بٹ ،عارف قریشی اور عزیز الرحمن ترنول میں یوم آزادی تقریب سے خطاب کررہے ہیں 

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اقتدار کی ہوس نے سترسال سے قوم کو اس کی منزل سے دور رکھا ہوا ہے ،قوم نے پاکستان کو اس کی حقیقی منزل اسلامی انقلاب سے ہمکنار کرنے کے لیے عظیم جدوجہد کی ہے اور بے مثال قربانیاں دی ہیں ،70ویں یوم آزادی پر قوم کو نئے جذبے اور عزم نو کے ساتھ اس عہد کو زندہ و تابندہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے اورحقیقی آزادی کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پھلگراں، ہمک، ترنول میں یوم آزادی کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی محمد کاشف چودھری ، چودھری طارق گجر،حاجی دلاور ، داؤد بٹ ، عارف قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ میاں محمد اسلم نے کہاا للہ نے ہمیں ایک آزاد نظریاتی مملکت عطا کی مگرافسوس کہ بحیثیت قوم ہم نے اس بنیادی نظریے کو پس پشت ڈال دیا جس کے لیے ہزاروں جانیں قربان کی گئی تھیں اور دشمن کے پھیلائے جال میں پھنس کر قومیتوں اور عصبیتوں میں بٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل اور کر پٹ حکمرانوں نے ملکی وقار کو خاک میں ملا دیا ہے، ہمیں بحیثیت قوم اپنا جائزہ لینے اور 1947ء والا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ آج ملک و قوم کو جماعت اسلامی اور سراج الحق جیسی قیادت کی ضرورت ہے جس کے قول وفعل میں تضاد نہ ہو اور جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پرقوم کو یکجا کرے اور مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کا چراغ روشن کرسکے۔میاں محمد اسلم نے کہاکہ وطن عزیز کی یکجہتی اورسلامتی کے لیے حکمران جذبہ، اخوت کو پروان چڑھانے اور عوام کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کوششیں کریں۔