حیدرآباد ‘ جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ‘ قومی پرچموں کی بہار

281
حیدر آباد: نیشنل پبلک اسکول میں جشن آزادی کے موقع پر بچے ٹیبلو پیش کررہے ہیں

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں جشن آزادی بھر پور انداز میں منانے کی تیاریاں عروج پہنچ گئیں، شہر بھر میں قومی پرچموں کی بہار۔ پاکستان کا 70 واں یوم آزادی بھر پور انداز سے منانے کے لیے حیدر آباد سمیت اندرون سندھ بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ شہر بھر میں سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں، گھروں، گلی محلوں میں قومی پرچم، جھنڈیوں، برقی قمقمو ں کی بہار، شہر میں ہر طرف جشن کا سما ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ گزشتہ برسوں کی نسبت اس سال جشن آزادی کا جوش وخروش نمایاں ہے، بچے قومی پرچم کے رنگوں سے بنائے گئے لباس زیب تن کیے ہوئے جبکہ خواتین کے دوپٹے، چوڑیاں، شال، مردوں کے لیے ٹی شرٹ، ٹوپیاں، کرتے بھی قومی پرچم میں شامل رنگوں سے بنائے گئے ہیں، جہاں شہر کی مسلم آبادیوں میں جشن آزادی کا رنگ نمایاں ہے۔ وہیں ہندو، مسیحی، سکھ برادری بھی یوم آزادی بھرپور انداز میں منا رہی ہے۔ اس دن کے حوالے سے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، شہر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔