پورٹ آف اسپین(جسارت نیوز)کیریبیئن پریمیئر لیگ میں گیانا کے جنگجو شاداب کے بچھائے جال میں الجھ گئے، پاکستانی لیگ اسپنر کی تباہ کن بولنگ نے ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کو گیانا ایمازون واریئرز پر 7 وکٹ سے فتح دلاد ی ۔سی پی ایل میں جمعے کی شام تک بولنگ چارٹ پرسب سے زیادہ وکٹوں کے اعزاز پر کیسرک ولیمز، وہاب ریاض اور کیون کوپر یکساں طور پر قابض تھے مگر کچھ گھنٹوں بعد ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کے پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان نے گیانا ایمازون واریئرز کے خلاف 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر ان تینوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ وہ ہفتے کی شب تک 8 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے تھے، انھوں نے یہ شکار 10.5 کی ایوریج اور 5.25 کے اکانومی ریٹ سے کھیلے ہیں۔پہلے بیٹنگ کرنے والی گیانا کی ٹیم نے ابتد ا ئی3 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 40 رنز بنائے تھے جب شاداب نے گیند سنبھالی اور پہلی ہی گیندپر مارٹن گپٹل کو کیری پائیر کی مدد سے میدان بدر کردیا، وہ ویسے ہی 13 بالز پر 24 رنز بناکر کافی خطرناک دکھائی دے رہے تھے، بابر اعظم صرف 2 رنز بناکر سنیل نارائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، والٹن کو کوپر نے میک کولم کی مدد سے 36 کے انفرادی اسکور پر قابو کیا، جیسن محمد صرف 13 رنز بناکر پیری کا ہی کیچ بن گئے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شاداب کی اگلی وکٹ میں بھی پیری نے ہی مدد کی، اس بار ان کے گٹھ جوڑ کا شکار سی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے روشن پریمس بنے، اگلی گیند پر شاداب کی چوتھی وکٹ ان کے ہموطن سہیل تنویر ثابت ہوئے جوکہ 11 رنز پر لانگ آف پر کیون کوپر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، اب شاداب ہیٹ ٹرک پر تھے۔، انھوں نے ریاد ایمرٹ کے خلاف پھیپھڑوں کا پورا زور لگا کر ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی جوکہ قبول نہیں ہوئی، اس طرح گیانا نے 7 وکٹ پر 156 رنز بنائے، شاداب نے 4 اور نرائن نے دو وکٹیں لیں۔ جواب میں ٹرائنباگو نے ایک اوور قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔کولن منرو نے 47 بالز پر 5 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنائے جبکہ دنیش رامدین بھی 42 پر ناٹ ا?ؤٹ رہے، سہیل تنویر نے ایک وکٹ لی۔