عالمی آباد ایکسپو کا شاندار افتتاح‘ 23ممالک کی 155تعمیراتی کمپنیوں کی شرکت

467
کراچی: آباد کی 3 روزہ فورتھ انٹرنیشنل ایکسپو 2017ء کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی و دیگر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہیں

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ہفتے کو ایکسپو سینٹر کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی 3 روزہ فورتھ انٹرنیشنل ایکسپو 2017ء کا افتتاح کیا۔ ایکسپو میں مقامی اور 23 ممالک کی 155 کمپنیاں تعمیراتی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور جدید کنسٹرکشن مشینریز پیش کر دی گئیں جن میں کنسٹرکشن ٹولز، میٹل، اسٹیل، کنکریٹ، سیمنٹ، کنسٹرکشن مشینریز و ایکوپمنٹس، بلڈنگ انفارمیشن، ماڈلنگ، اسمارٹ بلڈنگ اینڈ آٹومیشن، کچن، باتھ رومز، فلورنگ، سیلنگ، لائٹنگ اور دیگر اشیا شامل ہیں۔ اس میگا ایونٹ میں پاکستان سمیت پوری دنیا سے آرکیٹیکٹس، سول انجینئرز، ڈیزائنرز، ڈیولپرز، بلڈرز، کنٹریکٹرز، پراپرٹی منیجرز اور تعمیراتی ایسوسی ایشنوں کے نامور اراکین شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ کراچی میں اس طرح کے میگا ایونٹس کا ہونا خوش آئند ہے ‘میری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ آباد کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں‘ صوبائی حکومت بھی اس سلسلے میں اقدامات کررہی ہے‘ شہر کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر سندھ حکومت کی نمائندگی دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے‘ ملک کی ترقی میں بزنس کمیونٹی کا کردار قابل تحسین ہے ۔ رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا کہ کراچی شہر کا امیج دنیا میں بحال کرنے میں ایسی نمائشوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ چیئرمین آباد محسن شیخانی نے کہا کہ اس نمائش میں 23 ممالک کی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں‘ آباد ایکسپو میں سندھ کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہوگی‘ آباد ایکسپو سے مقامی صنعت کو جدید رجحانات سے آگاہی ملے گی‘ ملک میں ایک کروڑ 20لاکھ گھروں کی کمی کا سامنا ہے‘ سستی رہائشی اسکیم کے لیے نادرن بائی پاس کے قریب 500 ایکڑ اراضی خرید لی ہے‘120 گز کے مکان کی قیمت15 سے21 لاکھ روپے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کی بقاکے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے‘حکومت عوامی مفادکے لیے واضح پالیسیاں اپنائے‘ شہر میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہیں‘ بلڈرز پاکستانی تجارت میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہیں‘ بلند و بالا عمارتوں پر پابندی واٹرکمیشن کی فرسودہ رپورٹ پرلگائی گئی ہے ۔