کراچی میں آج یوم آزادی بھرپور قومی جذبے سے منایا جارہا ہے

253
جشن آزادی کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کی عمارت کو برقی قمقموں سے سجایاگیاہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی 70واں یوم آزادی آج بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہاہے ،دن کا آغاز نماز فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی و استحکام،قیام امن، ترقی وخوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کی دعاؤں سے کیا جائے گا،21توپوں کی سلامی دی جائے گی،مزار قائد پر صبح پرچم کشائی اور گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوگی جس میں گورنر سندھ وزیر اعلیٰ سندھ ، صوبائی وزرا اور مسلح افواج کے نمائندے شرکت کریں گے ، قائد اعظم محمد علی جناح کی پر قبر پر پھول چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے ۔ پرچم کشائی اور گارڈز کی تبدیلی کے بعد سیاسی و مذہبی قائدین، سماجی ، ادبی شخصیات، تاجر براداری اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے اور عام شہریوں کی کثیر تعداد بابائے قوم کے مزار قائد پر حاضری دے گی۔ جشن آزادی کے موقع پر سرکاری دفاتروں سمیت سیاسی ، سماجی و مذہبی تنظیمیں اپنے پنے دفاتر میں پرچم کشائی کریں گی، سیاسی ، سماجی و مذہبی جماعتیں یوم آزادی کی مناسبت سے شہر میں ریلیاں نکالیں گی جبکہ فلاحی اداروں میں بھی خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی ۔جشن آزادی کے حوالے سے کراچی کی سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں ،گلی، محلوں اور اہم مقامات کو قومی پرچم ،سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے اور ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے ،نوجوانوں اور بچوں میں آزادی کا جشن منانے کا جوش و خروش اور ملک سے اپنی والہانہ محبت کے اظہار کا جذبہ اور بڑھ گیا ہے۔ 14اگست کی مناسبت سے شہر بھر میں جگہ جگہ سڑکوں، فٹ پاتھوں پر اسٹالز سجے ہوئے ہیں جہاں جھنڈیوں، بیجز، ہینڈ بینڈز، ہیئر بینڈز، بچیوں کے لیے ٹاپس،بالیاں، سفید و سبز ٹی شرٹس، قومی پرچم دستیاب ہیں اور ایکو ساؤنڈ سسٹم نصب کیا ہوا جس میں اونچی آواز میں ملی نغمے چلائے جارہے ہیں ،شہریوں نے اپنی گاڑیوں پر بھی قومی پرچم لگائے ہوئے ہیں ۔ کراچی میں اتوار اور پیر کی شب جشن آزادی منانے کا آغاز ہوگیا، بیشتر علاقوں میں زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیاگیا، ملی نغمے چلائے گئے ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور رقص بھی کیا جس کے بعد منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پرریلیوں کی شکل میں نکل آئے اور آزادی کا جشن منایا۔