سازش نہیں نیا پاکستان بن رہا ہے‘ 62‘63ختم نہیں کرنے دیں گے‘ عمران خان

323
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سازش نہیں ہورہی ،نیا پاکستان بن رہا ہے ، آئین کے آرٹیکل 62، 63کو ختم نہیں کرنے دیں گے اگر ایسی سازش ہوئی تو لاکھوں لوگ اسلام آباد کی سڑکوں میں لاؤں گا۔لیاقت باغ میں عوامی مسلم لیگ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو انسان طاقت ور کے سامنے کلمۂ حق کہتا ہے، قوم اس کی عزت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لیے ضروری 4 چیزیں بتاؤں گا، جن سے ہماری قوم ایک عظیم بنے گی، ہمیں وہ پاکستان بنانا ہے جہاں پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا، جی ٹی روڈ پر پچھلے دنوں ڈراما ہوا، دکھ بھری تقریر سنی جس میں پوچھا گیا کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں صرف وہ لوگ نواز شریف کے ساتھ ہیں، جن کے مفادات کرپٹ نظام کے ساتھ ہیں، چھوٹا سا مفاد پرست ٹولہ جو ہر طبقے میں ہوتا ہے، وہ نواز شریف کے ساتھ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے 5ججز نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا، ججز نے اسے صادق اور امین نہیں سمجھا۔ عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مالک پر بھی خوب تنقید کی اور کہا کہ وہ صحافت نہیں جانتا جہاں سے پیسے ملیں، اسی کے ساتھ مل جاتا ہے۔عمران خان نے واضح کیا کہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ فوج آئین اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، پھر نواز شریف بتاؤ کیسے سازش ہو گئی؟ نواز شریف عدالت عظمیٰ اور فوج کیخلاف بھی بول رہے ہیں، 30 سال سے نواز شریف اداروں پر قبضہ کر کے بیٹھا تھا، پہلی دفعہ نواز شریف جے آئی ٹی اور عدالت عظمیٰکو منیج نہیں کر سکا، نواز شریف یہ سازش نہیں نیا پاکستان بن رہا ہے، یہ وہ پاکستان ہو گا جہاں تمہاری طرح کے ڈاکو لوگوں کو خرید نہیں سکیں گے۔ عمران خان نے سابق وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا نواز شریف! پاکستان بدل چکا ہے، ریلی میں جتنے لوگ پنڈی سے لے کر لاہور پہنچے، چیلنج کرتا ہوں میں 10گنا زیادہ لوگ عدالت عظمیٰ اور فوج کے لیے نکالوں گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا، نواز شریف! یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، جب بھی وقت آئے گا قوم عدلیہ اور فوج کے ساتھ کھڑی ہو گی، آپ عدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی کو مطمئن نہیں کر سکے، نئے پاکستان کی عدلیہ کو خریدا نہیں جا سکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی بولے، جب سیاست میں آیا تو 10سال بڑا مذاق اڑا، پھر تحریک انصاف ایسی جماعت بنی جو اسٹیٹس کو کا مقابلہ کر رہی ہے، سب سے بڑا خواب نئے پاکستان کا ہے، اکیلا نیا پاکستان نہیں بنا سکتا، سب نے مل کر بنانا ہے۔انہوں نے کہا چاہتا ہوں پاکستانی سچ بولنا سیکھیں، جو سچ بولتے ہیں، اللہ ان کی عزت کرواتا ہے، جھوٹ بولنے والا چاہے نواز شریف ہو عزت نہیں ہوتی، ہم نے سچ بولنا ہے، آج آئین کے آرٹیکلز 62، 63 کو نکالنے کی سازش چل رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اگر حکومت ملی تو ہم 4کام کریں گے۔ غربت کیخلاف جہاد کرنا ہے۔ میرٹ کا نظام لائیں گے۔ جب تک احتساب نہیں ہو گا، ملک میں خوشحالی نہیں آئے گی۔ ہرا پاکستان بنائیں گے، پورے پاکستان کے دریاؤں کو صاف کر کے گندگی کو دور کریں گے، ہم ملک سے گندگی کو صاف کریں گے۔عوامی لیگ کے سربراہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو قتل کیا گیا اور ان کی لاشیں یہاں لے کر آئے اور ایک کارکن یہاں موجود ہے جس کو 7گولیاں لگی ہیں لیکن ہم نے نواز شریف کے سامنے جھکنے سے انکار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کا امیدوار بنانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دن انہوں نے ہم دونوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی سازش پکڑی گئی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اسپیکر نے مجھے کہا شیخ صاحب آپ پر حملہ ہوگا اس لیے آپ چور دروازے سے باہر جائیں لیکن میں نے کہا اگر میں اسمبلی کے دروازے پر مارا گیا تو میرا شہر مجھے چومے گا اور اگر چور دروازے پر مارا گیا تو مجھ پر تھوکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے شاہد خاقان عباسی سے شاہ صاحب کی موجودگی میں ایل این جی کے کاغذات مانگے تو پوچھا کون سے کاغذات تو میں نے کہا کہ قطر سے 15 سال کا معاہدہ کیا ہے تو کہنے لگے اسمبلی میں ہے وہاں گیا تو کہنے لگے سینیٹ میں ہے وہاں بھی گئے لیکن کاغذات نہیں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں جب سے 2چینی مارے گئے ہیں گوادر میں کوئی کام نہیں ہورہا ہے سارا کام ٹھپ ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں 5 بلین ڈالر بھارت میں گیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں جنرل باجوہ کو اس وقت سے جانتا ہوں جب وہ گارڈن کالج میں پڑھتے تھے انہیں میں نے ایک تقریب میں کہا کہ باجوہ صاحب چوروں کو آئین و قانون کے تحت پکڑنا، ملک میں جمہوریت، آئین و قانون کا احترام رہنا چاہیے۔قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینڈیٹ کا احترام اس وقت ہوگا جب شفاف الیکشن ہوں گے۔ نواز شریف بتائیں آپ نے جونیجو کے بجائے جنرل ضیا کا ساتھ دیا اور بے نظیر بھٹو کو جب فاروق لغاری نے ہٹایا تو آپ نے کہا اس کو ہٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنائیں گے۔قبل ازیں نواز شریف کے سوال کا جواب دینے کے لییجوابات پر مبنی خصوصی پمفلٹ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پنڈی اسلام آباد میں گرا دیے گئے۔