ستر برس سے مسلط کرپٹ طبقہ ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے‘ مشتاق خان

339

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا وطن ہے، یہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نہیں مٹا سکتی، پاکستان اللہ کی رحمت کا مظہر ہے، اس کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یہ ملک اسلام کے نام پر بنا لیکن اس میں آج تک اسلام نافذ نہ ہوسکا۔ 70 برس سے کرپٹ طبقہ پاکستان کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے ۔ ان کرپٹ حکمرانوں نے اس ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ حقیقی آزادی کے لیے ان کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑانا ضروری ہے۔جماعت اسلامی نے پاکستان کی سالمیت اور حفاظت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ بنگلا دیش میں آج بھی جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکایا جارہا ہے۔ وطن کی محبت اور اس کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو خراج عقیدتپیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور میں وطن عزیز کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک سادہ تقریب اور جمعیت طلبہ عربیہ ضلع پشاور کے زیر اہتمام آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مرکز اسلامی کے کارکنان، آغوش الخدمت اور جامعہ حدیقۃ العلوم کے طلبہ ، اساتذہ اور انتظامیہ نے شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ، انتخاب خان چمکنی،شیخ الحدیث مفتی غلام الرحمن، مفتی ڈاکٹر منور شاہ، سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ، جمعیت طلبہ عربیہ کے صوبائی منتظم حافظ شمشیر شاہد، مولانا خلیل اللہ چترالی اور جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان بھی شریک تھے۔اس موقع پر مشتاق احمد خان نے پرچم کشائی کی اور پاکستان کا پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستان کی 70ویں سالگرہ پر مشتاق احمد خان نے کارکنان کو مٹھائی کھلائی اور پاکستان زندہ باد، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ لاکھوں افراد نے اسلامی نظام کے نفاذ کی خاطر ہندوستان سے ہجرت کی لیکن پاکستان میں اسلامی نظام نافذ نہ ہوا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان بدامنی، لاقانونیت، دہشت گردی ، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ سمیت بہت سے دیگر مسائل کا شکار ہے۔ 70 برسوں سے حکمران اس ملک کو صرف لوٹتے آئے ہیں۔ ترقی کے نام پر عوام کو سبز باغ دکھانے والے عبرتناک انجام سے دوچار ہوں گے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے اس کا دفاعی نظام ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کے بہترین مسلح افواج کی موجودگی میں اسے امریکا یا مودی سے نہیں بلکہ ایسے حکمرانوں سے ہے جو نظریہ پاکستان کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔ وطن عزیز کا دفاع ہم سب پر فرض ہے۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کے دفاع میں کسی قسم کا دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔