نیب کو کارروائی سے روک دیا‘ ایف آئی اے بھی حد میں رہے‘ وزیراعلیٰ سندھ

257
نوشہرو فیروز: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

نوشہروفیروز (صباح نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں نیب کو کام کرنے سے روکا نہیں گیا بلکہ صوبائی محکموں میں کارروائی سے روکا گیا ہے کیوں کہ تعلیم و دیگر صوبائی محکموں کی فائلیں وہ لے کر جاتے ہیں تو ان محکموں میں کام کیسے ہوگا ؟ انہوں نے بھریا میں رکن سندھ اسمبلی سید مراد علی شاہ سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی ، اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر قانون ضیا الحسن لنجار ،کمشنر غلام مصطفی پھل، ڈی آئی جی ایس بی اے اقبال دارا، چیئرمین ضلع کاؤنسل عبدالستار عباسی و دیگر افسران موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقا ن عباسی کے کراچی آمد پر ان سے گیس و بجلی سمیت دیگر صوبائی مسائل پر بات چیت ہوئی ہے ، آئندہ ہفتے سی سی آئی کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے ، جس میں میں ان مسائل کو اٹھایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہیے، وہ وفاق کے نمائندے ہیں۔ سندھ میں نیب کو کام کرنے سے روکا نہیں گیا بلکہ صوبائی محکموں میں کارروائی سے روکا گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی ایک فرد کے آنے سے ادارے نہیں بدلتے ایف آئی اے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے گا۔سندھ میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے خطیر رقوم مختص کی ہیں اور یہ صرف صوبائی معاملہ نہیں وفاقی سطح پر بھی اس مسئلے پر کام ہونا چاہیے، وزیر اعظم سے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں میں فنڈز کی فراہمی کے لیے بات چیت کی ہے، نوشہروفیروز کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئی مردم شماری کے نتائج کے تحت انتظامی تبدیلیاں کی جائیں گی، آبادی کے مد نظر رکھتے ہوئے نئی میونسپل و ٹاؤن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔