آباد کی کم لاگت رہائشی اسکیم کیلیے بھرپور تعاون کرینگے، گورنر 

215
کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر بلڈرز کی تین روزہ عالمی نمائش میں تختی کی نقاب کشائی کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ کراچی و حیدرآباد ترقیاتی پیکج کے منصوبے گورنر ہاؤس کے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی زیر نگرانی مکمل کیے جا ئیں گے ،اس ضمن میں پھیلائی جانے والی منفی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آباد کی جانب سے کم لاگت رہائشی اسکیم کیلیے حکومت بھرپور تعاون و مدد فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ( آباد) کی تین روزہ انٹر نیشنل ایکسپو 2017 ء کے دورے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں آباد کے چیئر مین محسن شیخانی ، سینئر وائس چیئر مین محمد حسین بخشی ، جنوبی ریجن کے چیئر مین خواجہ محمد ایوب ، معروف بلڈرز ، صنعت کاروں ، تاجروں سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ نمائش میں 23 ممالک کی کمپنیوں کی شرکت سے مقامی صنعت کو جدید رجحانات سے آگاہی حاصل ہو سکے گی جس سے تعمیراتی صنعت کا فعال کردار یقینی ہے ، اس صنعت سے 72 سے زائد شعبہ جات وابستہ ہیں ۔تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے وفاق سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کی جائے گی ۔ آباد کے چیئر مین محسن شیخانی نے کہا کہ آباد 1972 ء میں قائم ہوئی تھی ، اگر حکومت دیگر سہولیات اور حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کرے تو اس شعبہ میں مزید سرمایہ کاری یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آباد نے اسلام آباد میں کم لاگت رہائشی اسکیم شروع کردی کراچی میں جلد اس کا آغاز کرینگے تاکہ غریب و متوسط طبقے کو رہائش کی سہولیات حاصل ہو سکیں۔