ہر مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑے رہیں گے‘ چینی نائب وزیراعظم

349
اسلام آباد:یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم اور دیگر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہیں

اسلام آباد(آن لائن ) چینی نائب وزیر اعظم وانگ یانگ کا کہنا ہے کہ ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ان کے بقول چین میں زلزلہ زدگان کی مدد اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے تعاون کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میںیوم آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب کے دوران کیا۔اس موقع پر وانگ یانگ نے پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔چینی نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات فولاد سے زیادہ مضبوط اور شہد سے زیادہ میٹھے ہیں،دوستی کا یہ سفر نسل درنسل جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، ترقی اور استحکام کے راستے پر تیزی سے گامز ن ہے اس نے محنت سے خودمختاری اور اپنے دفاع کو مضبوط بنایا۔ چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مختلف فورمز پر اہم کردار رہا ہے ، اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے اورمشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاک چین تعلقات آزمائشوں پر پورے اترے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی ایک محنتی اورجفاکش قوم ہے اور عوام نے کم وسائل کے باوجود ملک کی ترقی کے لیے بہت محنت کی ہے اور پوری دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین سے چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں علاقائی استحکام دہشت گردی کے خاتمے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے پر اتفاق اور چینی سرزمین پر بھارتی مداخلت پر تشویش کا ظہار کیا گیا جبکہ صدر مملکت کی جانب سے چینی وزیر اعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی گئی دونوں رہنماؤں کے درمیان پیر کو یہاں ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں دفاعی معاشی اور معاشرتی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے ۔