آسٹریلوی بلے بازڈیوڈ وارنر گردن پر گیند لگنے سے شدید زخمی

204
ڈھاکا: تربیتی کیمپ کے دوران ہیزلی وڈ کا باؤنسر گردن پر لگنے کے باعث آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر زمین پر گرپڑے 

ڈھاکا(جسارت نیوز)آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر گردن پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ڈارون میں دورہ بنگلادیش کے لئے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں پریکٹس میچ کے دوران ڈیوڈ وارنر نے جوش ہیزلی وڈ کے باؤنسر کو ہک کرنے کی کوشش کی لیکن برق رفتار گیند گردن پر لگنے سے وہ زمین پر گر پڑے۔بولر جوش ہیزلی وڈ اور اسٹیون اسمتھ فوری آگے بڑھے اور ڈیوڈ وارنر کو اٹھایا تاہم گردن پر لگنے والی چوٹ کی شدت کے باعث وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔تاہم ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بنگلادیش شیڈول سیریز میں ان کی شمولیت کو یقینی کہاگیا ہے اور بتایاگیا ہے کہ وہ اب ٹھیک ہیں ۔ خیال رہے کہ 2014 میں ڈیوڈ وارنر کے بہت قریبی دوست فلپ ہیوز پریکٹس میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں 2 روز تک اسپتال میں طبی امداد دی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 27 اگست سے ہوگا۔