جماعت اسلامی سندھ کے تحت یومِ آزادی جوش وخروش سے منائی گئی

329
کراچی : امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ‘ ضلع غربی میں یوم آزادی کا کیک کاٹ رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ دفعہ 62,63کو آئین سے نکالنے والے چوروں، لٹیروں اور بدمعاشوں کے لیے پارلیمنٹ کو آرام گاہ بنانا چاہتے ہیں۔پاکستان کے عوام 62,36سمیت دستور کی اسلامی دفعات کی حفاظت کریں گے۔ پاکستان مدینہ شریف کے بعد روئے زمین پر بننے والی دوسری اسلامی ریاست ہے، پاکستان قائم ہونے کے لیے بنا ہے اور انشاء اللہ قیامت تک قائم رہے گا۔ وطن عزیز کی سالمیت اور نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعید آباد ، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں پاکستان کے 70ویں یومِ آزادی پر منعقدہ اجتماعات و ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی سمیت پورے صوبہ میں 70واں یومِ آزادی بڑے جوش وخروش سے منایا گیا۔ صوبائی ومقامی قائدین نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں اور کلمہ طیبہ لاالاالہ اللہ کی بنیاد پر بنا، آج پاکستان کو اسلام سے الگ کرنے والے جسم کو جان سے جدا کررہے ہیں۔ اہلیان پاکستان اغیار کی ایسی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ادھر جیکب آباد، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، گھوٹکی، شکارپور سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں جشن آزادی ریلیاں نکالی گئیں جن سے عبدالحفیظ بجارانی، حافظ طاہر مجید، کاشف شیخ، عظیم بلوچ، مولانا صدرالدین مہر، مولانا حزب اللہ جکھرو، اعجاز میمن ودیگر نے خطاب کیا۔