لٹیرے حکمران اور سیاستدان ملکی ترقی کے راستے کی دیوار ہیں‘ مشتاق خان

586

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ موروثی سیاستدان اور سیاسی جاگیردار مافیا ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن موروثی سیاستدانوں نے کی ہے۔ جمہوریت کا راگ الاپنے والے خود جمہوریت سے کوسوں دور ہیں۔ باپ کے بعد بیٹا اور بیٹی پارٹی اور ملک کے سربراہ بنتے ہیں، موروثی سیاست آمریت کی بدترین شکل ہے۔ موروثی اور جاگیردار سیاستدان نوجوانوں کے دشمن ہیں۔ موروثی جاگیرداروں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ان کی صلاحیتوں کا قتل عام کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے وژن موجود ہے۔ جماعت اسلامی موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے ملک کوترقی کے راستے پر گامزن کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں جماعت اسلامی زون پی کے 79 کے زیر اہتمام جیوے پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جیوے پاکستان کانفرنس سے جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر عبدالغفار اور جماعت اسلامی ضلع بونیر کے امیر محمد حنیف سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کی قربانی دے کر پاکستان حاصل کیا لیکن پاکستان بنتے ہی موروثی سیاسی جاگیرداروں نے اس پر قبضہ جمانا شروع کیا اور موروثی سیاست کی بنیاد رکھی۔ موروثی سیاستدانوں نے نوجوانوں کو سیاست میں حصہ دینے کے بجائے اپنے نالائق شہزادوں اور شہزادیوں کو ملک کی زمام کار تھمائی۔ موروثی سیاستدانوں کے نالائق بچوں کی وجہ سے پاکستان سیاسی افراتفری، بدامنی، لاقانونیت، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ جیسے گمبھیر مسائل کا شکار ہے۔ ستر سال سے لیڈروں کے نام پر لٹیروں نے وطن عزیز میں لوٹ مار مچا رکھی ہے۔ پاکستان اور ترقی کے راستے کی دیوار کرپٹ اور لٹیرے حکمران اور سیاستدان ہیں۔ ہر سال یوم آزادی تو منایا جاتا ہے لیکن ملک کو کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں سے آزادی نہیں مل رہی۔ جس دن کرپشن میں ملوث افراد کا سخت اور کڑا احتساب ہوا، ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوجائے گی۔ جماعت اسلامی موروثی سیاستدانوں اور جاگیرداروں کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ہم نوجوانوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دے کر ان کی صلاحیتیں پاکستان کی معاشی، دفاعی، سائنسی، تجارتی، معاشرتی اور قانونی ترقی کے لیے استعمال کریں گے۔ جماعت اسلامی کرپشن پر مبنی سیاست کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔