اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام استحکام پاکستان ریلی 

279
اسلامی جمعیت طلبہ کی استحکام پاکستان ریلی یونیورسٹی روڈ سے گزر رہی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے موقع پراستحکام پاکستان ریلی کا اہتمام کیا گیا۔جس میں شہر بھر سے ہزاروں طلبہ نے شرکت کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا۔ریلی جامعہ کراچی سلور جوبلی گیٹ سے لے کر مزارِ قائد تک نکالی گئی۔ ریلی میں شریک طلبہ نے زبردست جوش و خروش سے آزادی کا جشن منایا۔ریلی کے دوران ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ محمد صدیقی نے ہزاروں طلبہ کی موجودگی میں نیپا،جیل چورنگی پرپرچم کشائی کی۔ ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری قاضی حسیب عالم نے کہا کہ آج کی ریلی نے ثابت کر دیا کہ کراچی کے طلبہ اپنے وطن سے پیار کرتے ہیں، طلبہ کا جذبہ حب الوطنی قابل دید ہے، پاکستان ہماری پہچان ہے اور آ زادی کی قدر کر نا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ محمد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے اس ملک کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ یہی طلبہ اس ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ جمعیت کے کارکنان نے ہر نازک موڑ پرمملکت پاکستان کی سا لمیت کی خاطر کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا۔اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی بیدار کرتی آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔ انسان آزاد ی میں ہی اپنی زندگی کے مقصد کو پاسکتا ہے جس کے لیے خالقِ کائنات نے اسے بنایا۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برِصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس کے نتیجے میں وطن عزیز پاکستان معرض وجود میں آیا۔اب یہ ہمارا فریضہ ہے کہ ہم اپنے وطن کی حفاظت کریں اور اس کا نام روشن کریں۔آزادی کا تقاضا ہے کہ آج ہمارے ملک کا نوجوان آگے بڑھے اور جدوجہد کرکے اس وطن عزیز میں حقیقی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ طلبہ کواپنی ذمے داریوں کا بخوبی احساس کرتے ہوئے پاکستانی معاشرے میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرنے میں ہر ممکن کردار ادا کرناہوگا۔ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا ئیں بھی کی گئیں۔