دہشت گردی ختم کردینگے‘ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی خوشحالی ہے‘ ثنا اللہ زہری

316
 کوئٹہ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی ختم کردیں گے‘ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی خوشحالی ہے‘ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے‘ ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے‘ عوامی مینڈیٹ کے احترام اورصبر و تحمل سے ہی قومی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقدہ قومی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی و وفاقی وزرا، سینیٹرز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض دیگر سول و عسکری حکام اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ اسکول کے بچے اور بچیوں کی جانب سے قومی نغمے پیش کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہقوموں کو عوام کی منتخب کردہ حکومتوں نے ہی ترقی کی راہ پر ڈالا ہے‘ موجودہ حالات میں جب وطن عزیز کو دہشت گردی، انتہا پسندی سمیت مختلف قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ایسے میں ملک کسی بھی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ سفاک دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر ہم پر کاری وار کر کے جشن آزادی کی خوشیوں کو پامال کرنے کی ناکام کوشش کی ہے ‘ دہشت گردی کی اس کارروائی نے پوری قوم کو سوگوار ضرور کر دیا ہے تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے ہمارے اس عزم کو مضبوط بھی کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمریتوں، جمہوری عمل کے تسلسل میں رکاوٹوں اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کیے جانے کی روش نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے اور ہم حقیقی ترقی کے راستے میں بہت پیچھے رہ گئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے تسلسل پر مکمل یقین رکھتی ہیں اور تمام سیاسی اختلافات کے باوجود جمہوریت کے استحکام کے لیے ایک صفحہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی عدم دلچسپی اور ناقص پالیسیاں بلوچستان کی پسماندگی کی بنیاد ہیں تاہم ہم نے ایک قلیل عرصے میں صوبے کی ترقی کی سمت مقرر کرتے ہوئے اسے تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور ہم نیک نیتی کے ساتھ صوبے کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و ترقی لازم و ملزوم ہیں‘ امن ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی اور ترقی کا عمل تیز ہوگا‘ سیاسی تنازعات کا سیاسی حل ہماری خواہش ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی درحقیقت پاکستان کی ترقی ہے اور بلوچستان ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا