پی سی بی 3سابق کپتانوں کے اعزاز میں تقریب ستمبر میں منعقد کرے گی

327

لاہور(جسارت نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بورڈ آئندہ ماہ ستمبر میں3 سابق کپتانوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کرے گا۔پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سابق کپتان مصباح الحق، ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان اور سابق کپتان شاہد آفریدی کو ایوارڈ سے نوازنے کے لیے ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی ، یونس خان اور مصباح الحق نے طویل عرصے تک پاکستان کرکٹ کی خدمت کی اور وہ قدردانی کے مستحق ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسی تقریب میں ڈومیسٹک سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے کھلاڑیوں اور امپائرز کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔خیال رہے کہ آج پی سی بی، بورڈ کے سبکدوش چیئرمین شہریار خان کے لیے منعقدہ الوداعی تقریب کی میزبانی کرے گا۔واضح رہے کہ پی سی بی کے سابق چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی مشاورت سے اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ ریٹائرمنٹ لینے والے ان دونوں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مستقبل میں کس طرح بروئے کار لایا جائے۔ان کہنا تھا کہ ‘مصباح الحق کے حوالے سے ان کے پاس3 پلان ہیں، پہلا پی سی بی اور پاکستان کرکٹ میں براڈکاسٹر کا، دوسرا آئی سی سی میچ ریفری اور تیسرا پی سی بی میں کوئی عہدہ دینے کا آپشن موجود ہے‘۔خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے راہول ڈریوڈ کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ذمہ داریاں سونپی تھیں، اس حوالے سے شہریار خان کا کہنا تھا کہ بورڈ مصباح اور یونس کے لیے بھی اسی سمت میں سوچ رہا ہے۔ یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے اپنے کریئر کے بہترین انداز میں اختتام کے لیے الوداعی میچ کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن پی سی بی نے اس پر نظر ثانی نہیں کی۔بعد ازاں اپریل میں ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر تعینات نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کو الوداعی میچ (فیئرویل) کی پیشکش کی تھی، جسے بوم بوم آفریدی نے ٹھکرا دیا تھا۔