حکمران درست چلتے تو آج قائداعظم اور اقبال کا وژن مکمل ہوتا‘ حافظ نعیم

305
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن پرچم کشائی کررہے ہیں جبکہ ناظم آباد میں تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے جشن یوم آزادی کے سلسلے میں دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نورحق میں پرچم کشائی اور پاکستان کی سالمیت وروشن مستقبل کے لیے دعا کی۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام کو 70سال ہوگئے ہیں ،قیام پاکستان تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے ، پاکستان کا قیام ایک نظریے کی بنیاد پر کیا گیا ،دہلی ، اجمیر ،یوپی ، بہار ، بنگال کے لوگوں نے ایک نظریے کی بنیاد پر جدوجہد کی تھی،دوقومی نظریے کی بنیاد پر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک انہونی ہونی میں بدل گئی اور ایک خطہ زمین پاکستان کے نام سے وجود میں آگیا جہاں اسلامی احکام پر عمل کرنے کی آزادی حاصل تھی۔بدقسمتی سے جاگیرداروں ،وڈیروں اور کرپٹ سیاستدانوں نے قوم کو تقسیم کردیا ،عوام میں ناانصافی ، محرومیاں پھیلائی گئیں جس کے باعث ہم سے ہمارا مشرقی بازو الگ ہوا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی بقاصرف ایک کلمے کی بنیاد پر ہی ممکن ہوسکتی ہے اوراس ملک میں تعمیر و ترقی دنیا کی سب سے بڑی طاقت اسلام ہی لاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ آیے آج جشن یوم آزادی کے موقع پر عزم کریں کہ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کی طرف سفر تیز کریں گے بے حیائی ، منکرات اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔بچے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں بچوں کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ وسائل موجود ہیں اسلامی نظا م نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی تمناؤں و آرزؤں کا خون کیا جارہا ہے ،ملک میں طبقاتی نظام رائج ہے۔ آج تحریک آزادی کے مقصد کو تیز کرنے کی ضرورت ہے، صرف جماعت اسلامی ہی امت کے ماتھے کاجھومر ہے جوعلامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتی ہے اور قائد اعظم کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بناسکتی ہے۔پرچم کشائی کے موقع پر سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ، نائب امرابرجیس احمد ، مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر واسع شاکر ،مسلم پرویز ، محمد اسحاق خان ،ڈپٹی سیکرٹری راشد قریشی ،پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ، الخدمت کے قاضی صدر الدین ،امیر ضلع شرقی یونس بارائی ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،یوسی چیئرمین حنیف ملا منتخب کونسلرزاور دیگر بھی موجود تھے۔دریں اثناجماعت اسلامی ناظم آباد گلبہار کے زیر اہتمام13اور 14اگست کی درمیانی شب ’’شب عزم آزادی‘‘ کے عنوان سے ذیشان حیدر پارک ناظم آباد میں فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔فیسٹیول میں حسن قرات ، نعت و نظم اور ’’کیا پاکستان کا مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے؟‘‘کے عنوان سے تقریری مقابلہ بھی ہوا جبکہ جشن یوم آزادی کے سلسلے میں علامتی طور پر قائد اعظم اور علامہ اقبال نے بھی شرکت کی۔14اگست کاآغازہوتے ہی حافظ نعیم الرحمن نے شرکاکے ساتھ کھڑے ہوکر قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی اور پاکستان کے بہتر مستقبل اور تعمیر و ترقی کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر نائب امیر ضلع وسطی وجیہہ الحسن ،امیر زون سہیل زیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔ فیسٹیول میں اہل گلبہار وناظم آباد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا۔حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے 70ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی اور کہا کہ آج ملک کو آزاد ہوئے 70سال ہوچکے ہیں ، قائد اعظم محمد علی جناح نے اسلام کے لیے انگریز وں اور ہندوؤں سے الگ وطن حاصل کیا تھا لیکن بد قسمتی سے نام نہاد جاگیرداروں ، وڈیروں اور طبقہ اشرافیہ اورحکمران ٹولے نے عوام کا استیصال کیا اور لسانیت اور عصبیت کے نام پر سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ مدینے کی اسلامی ریاست کے بعد یہ مملکت پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کی گئی ،حکمران اگر 70سال میں قیام پاکستان کے مقصد کے مطابق ملک چلاتے تو آج قائد اعظم کے وژن کی تکمیل او ر اقبال کے خواب کی تعبیر ہوجاتی اور یہ ملک خداداد اسلامی ریاست کے طور پر قائم ہوجاتا لیکن حکمرانوں نے عوام کو آپس میں لڑاکر ملک کو قیام کے مقاصد سے دور کردیا۔انہوں نے کہا کہ آج شہر میں بد امنی کی فضا قائم ہے لوٹ مارکا بازار گرم ہے ، انسانوں سے انسانوں کو لڑایا جارہا ہے ،شہر کراچی جو کبھی روشنیوں کا شہر کاکہلایا جاتا تھا شر پسند عناصر اور بھارت کے ایجنٹوں نے شہر کو تاریکوں میں بدل دیا ،انہوں نے کہا کہ آج بھی شہریوں کو پارٹیاں بدل بدل کر بے وقوف بنایا جارہا ہے۔ شہر میں پوٹینشل موجود ہے ، عوام صحیح اور غلط کی پہچان رکھتے ہیں۔شہر کی قیادت کا حق صرف اسی شہر کے باسیوں کا ہے۔