تیسرا ٹیسٹ‘ بھارت نے سری لنکا کو اننگز اور 171رنز سے ہراکر سیریز کلین سویت کرلی

275
پالے کیلی: سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم ٹرافی کے ساتھ پوز دیتے ہوئے

پالے کیلی (جسارت نیوز) بھارت نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو ناک آؤٹ کر دیا، کوہلی الیون نے میچ اننگز اور 171 رنز سے جیت کر سیریز کلین سویپ کی۔ فالو آن کے بعد بھی سری لنکن ٹیم سنبھل نہ سکی اور 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نروشن ڈکویلا 41 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ روی چندرن ایشون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ہارڈیک پانڈیا کو میچ اور شیکھر دھاون کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 19 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 333 رنز درکار تھے مگر سری لنکن بلے باز اعتماد کے ساتھ بیٹنگ نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔ 26 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب دیمتھ کرونارتنے 16 رنز بناکر ایشون کا شکار بن گئے۔ میزبان ٹیم کی تیسری اور چوتھی وکٹ بھی جلد گر گئی جب ملندا پشپا کمارا اور کوسال مینڈس بالترتیب ایک اور 12 رنز بناکر محمد شامی کا شکار بن گئے۔ کپتان چندیمل اور اینجلو میتھیوز نے 5ویں وکٹ میں 65 رنز کا اضافہ کیا مگر دونوں بلے باز لمبی اننگز نہ کھیل سکے۔ چندیمل 36 اور میتھیوز 35 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ نروشن ڈکویلا 41 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ دلروان پریرا 8 ، لاہیروہ کمارا 10 اور لکشن سینڈکان 8 رنز بنا سکے۔ اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 181 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ روی چندرن ایشون نے 4، محمد شامی نے3 اور امیش یادیو نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح بھارت نے میچ اننگز اور 171 رنز سے جیت کر سیریز کلین سویپ کر لی۔