ووٹ کا تقدس قومی ایجنڈا نمبر ون ہونا چاہیے‘ نواز شریف

378
لاہور: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت/خبر ایجنسیاں) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ کا احترام قومی ایجنڈے کا آئٹم نمبر ون ہونا چاہیے جس کے لیے قوم کے ساتھ ملک کر پوری جان لڑاؤں گا‘ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کی خاطر قانون سازی کریں گے‘ سازش کے تحت مجھے ہٹایا گیا‘ چند لوگوں کواکثریت کو یرغمال بنانے کا اختیارنہیں ہیپاکستان کو قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق تعمیرکرنا ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یوم آزادی کے موقع پر مزار اقبال پر حاضری دینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2013ء میں حکومت سنبھالنے کے بعد حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کیے‘ دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، بدامنی، بے روزگاری اور مہنگائی سمیت اہم درپیش مسائل کافی حد تک ختم کیے اور بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی وفات کے بعد سے ہی جمہوریت کو نظر انداز کیا گیا اور اس اصول کے تحت میری حکومت کو بھی گرانے کی کوشش کی گئی اور سازش کے تحت مجھے نااہل کیا گیا جس سے ترقی کا سفر رُک جائے گا جو قوم کے لیے نقصان دہ ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ یہ ملک 20کروڑ عوام کا ہے‘ کسی خاص گروپ یا چند لوگوں کی مملکت نہیں جو اٹھ کر اکثریت کو یرغمال بنادے اور ہر کیس میں 20 کروڑ عوام کے ووٹوں کا تقدس پامال کیا گیا جسے ہم نہیں مانتے اور اب ہر صورت عوام کے ووٹ کے تقدس کو بحال کریں گے ‘ چاہے اس کے لیے جان پر ہی کیوں نہ بن جائے۔ نوازشریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے سفر میں خلل سے بہت بڑا دھچکا لگا‘ عوام کو سماجی معاشی معاشرتی اور عدالتی انصاف دیں گے‘ پاکستان میں اگر چند لوگوں کے پاس زمین اور رہنے کے لیے مکان ہے تو باقی لوگوں کے پاس بھی ہونا چاہیے‘ اپنا گھر بنانے کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو سستے داموں گھر بنا کر دینے کا پورا ارادہ رکھتے ہیں‘ خواہش ہے کہ ایسے غریب لوگ جو مالی کمزوری کی وجہ سے مقدمات کی پیروی نہیں کر سکتے ‘ریاست ان کی مدد کر ے‘اس کے لیے آئین میں ترامیم کی ضرورت پڑے گی تو وہ بھی کریں گے۔