ضلع ملیر میں قربانی کے جانوروں پر 1000روپے اضافی ٹیکس

922

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ڈی ایم سی ملیر کے احکامات پر 8اگست سے قربانی کے لیے لائے جانے والے جانوروں پر فی کس مزید1000روپے کی وصولی شروع کردی گئی ہے۔ چنگی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس ڈی ایم سی ملیر کے احکامات پر وصول کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں ایک لیٹر بھی دکھایا گیا ، کیٹل فارمرز سے پہلے ہی سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے پر 150روپے فی جانور ہیلتھ کلئیرنس کے نام پربغیر ویکسین واسپرے بھتہ اور 250روپے فی جانور سفر کرنے والے فارمرز سے جانوروں کے رکھنے کابھتہ کیپنگ ٹیکس کے نام پر وصول کیا جاتا ہے، بھینس کالونی کے داخلے پر 1000روپے اور پھر یہی جانور جب سلاٹر ہونے کے لیے سلاٹر ہاؤس لے جایا جاتا ہے تو محکمہ ویٹرنری 40/-روپے فی جانور اور ڈی ایم سی ملیر 1000روپے فی جانور بھتہ وصولی کرتی ہے، اس طرح فی جانور پرخرچہ اینیمل کیپنگ ٹیکس 250/-روپے+ہیلتھ کلیئرنس 150/-روپے + اسپیشل چارجز ڈی ایم سی ملیر 1000/- روپے +ڈرائی اینیمل فیسDMC 60/-روپے + ڈرائی اینیمل KMC 40/-روپے جو کل ملاکر 1500/-روپیہ ہوگئی ہے۔، ہم درخواست کرتے ہیں کہ دیگر تین صوبوں کی طرح صوبہ سندھ میں بھی فارمرز پرسندھ گورنمنٹ اوربلدیہ عظمی کے نام پر لیے جانے والے ٹیکسز ختم کیے جائیں اور فارمرز کو اعتماد میں لیا جائے کہ یہ کس قانون کے تحت مسلسل اضافے کے ساتھ وصولی کی جارہی ہے اور اگر یہ قانون کے تحت نہیں ہیں تو اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔