پچیس ارب روپے کا پیکیج ناکافی ہے‘ وزیراعظم کراچی کو اپنا سمجھیں‘ حافظ نعیم

227

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کراچی کے لیے 25ارب روپے کے پیکج کا اعلان ناکافی ہے،اس سے کراچی کے شہریوں کے بڑے اور دیرینہ مسائل حل نہیں ہو نگے ۔کراچی کے لیے 500ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا جائے اور شہر کے بڑے منصوبوں ماس ٹرانزٹ پروگرام،سرکلر ریلوے،K-4کی جلد از جلد تکمیل، سیوریج کے نظام اور شاہراؤں کی تعمیر کے لیے بڑے پیمانے پر کام شروع کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد کراچی میں حالات کچھ بہتر ہوئے تھے لیکن چند ہفتوں سے شہرمیں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے جس سے عوام کے اندر بے چینی اور خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے اور کراچی کے شہریوں کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ کسی مفاہمت اور مصالحت کی سیاست کے نام پر تو کراچی کے امن و امان اور 2.5کروڑ شہریوں کے سکون اور چین پر ایک بار پھر سودے بازی تو نہیں کی جارہی۔کراچی کے عوام بجلی،پانی،سیوریج،ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت بے شمارمسائل کا شکار ہیں۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ماضی میں ہمیشہ کراچی کو نظر انداز کیا،بدقسمتی سے کراچی کے نام پر سیاست کر نے والوں اور کراچی کے عوام کے حقوق کے نام پر پر ووٹ لینے والوں نے بھی اقتدار اور وزارتوں کے مزے تو خوب لوٹے لیکن کراچی کے حقیقی اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش اور عملی اقدامات نہیں کیے اور آج بھی اختیارات اور وسائل نہ ہونے کا رونا رو کر اپنی ذمے داری پوری کر نے کے بجائے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور بلدیاتی قیادت کا یہ رویہ اور طرزِ عمل کراچی کے2.5کروڑ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی اور ناانصافی ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ کراچی کو اون کیا جائے ۔وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ اسے اپنا شہر سمجھیں اور کراچی کے حقوق کا دم بھر نے والے بھی اپنا رویہ درست کرتے ہوئے اپنی ذمے داری پوری کریں ۔