وفاقی کابینہ کا اجلاس‘ وزیراعظم کی سندھ کے ترقیاتی پیکیج پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

262
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے فاٹا کے سینیٹرز کا وفد ملاقات کر رہا ہے 

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ صوبوں میں امن وسلامتی کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، فیصلوں پر عمل درآمد کی مؤثر نگرانی کی جائے گی،ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل جمہوری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ن لیگ کی حکومت کے دوران وفاقی اکائیوں میں ریکارڈ ترقیاتی فنڈز تقسیم کیے گئے ہیں، سندھ کے ترقیاتی پیکیج پربروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، توانائی کے منصوبوں کے ثمرات سب کے سامنے ہیں،جمہوری اور آمرانہ ادوار میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے حوالے سے وزیراعظم نے ناقدین کو موجودہ 4سالہ اور 1999ء سے 2008ء تک کے ترقیاتی منصوبوں کے تقابلی جائزے کا مشورہ دیا ہے۔ وزیراعظم نے اس امر کا اظہار منگل کی شب وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابینہ ارکان کو اپنے حالیہ دورہ کراچی کے بارے میں اعتماد میں لیا، وزیراعظم کے اس دورے کے دوران 35ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جس میں 25ارب روپے کراچی اور 5ارب روپے حیدر آباد کے لیے ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گورنرسندھ کی معاونت سے جامع ترقیاتی پیکیج پر بروقت عملدرآمد کویقینی بنائے گی، ترقیاتی پیکیج کے تحت کراچی میں ایک نیا اسپتال اور میڈیکل کالج تعمیر کیا جائے گا، گرین لائن میٹرو کو دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی، پانی کے منصوبوں کے لیے اضافی وسائل مہیا کیے جائیں گے،کراچی میونسپل کارپوریشن کے لیے 50 نئی آگ بجھانے والی گاڑیاں خریدی جائیں گی، ٹریفک کی مشکلات میں کمی کے لیے پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر ہو گی، اسی طرح ایک یونیورسٹی اور ایک میڈیکل کالج حیدر آباد میں تعمیر کیا جائے گا، یہ فنڈز حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کے ذریعے استعمال کیے جائیں گے، تمام صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان منصوبوں کو تخمینے کے مطابق شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اکائیوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی طرف سے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز تقسیم کیے گئے ہیں، وزیراعظم نے دورہ کراچی کے دوران امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس اوراسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے کیے گئے فیصلوں کے بارے میں بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت کو کہا ہے کہ صوبے بالخصوص کراچی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کابینہ کو یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ صوبے میں امن وسلامتی کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ وزیراعظم نے توانائی اور مواصلات کے منصوبوں کے بارے میں بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا اور اس حوالے سے واپڈا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ حالیہ اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ان ترقیاتی کاموں اور توانائی کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات سے عوامی مشکلات میں خاطر خواہ کمی ہو گی، متعدد منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے جمہوری اور آمرانہ ادوار کی ترقی کا تقابلی جائزہ پیش کرنے والے ناقدین کو 2013ء سے اب تک کے معاشی و ترقیاتی ثمرات اور 1999ء سے 2008ء تک کی ترقی سے جائزہ لینے کا مشورہ دیا ہے۔