پرتگال: تقریب پر درخت گرنے سے 13افراد ہلاک

242
لزبن: پرتگال میں ایک مذہبی تقریب پر درخت گرنے کے بعدجائے وقوع کو سیل کردیا گیا ہے‘ امدادی کارکن لاشیں اسپتال منتقل کر رہے ہیں

لزبن (انٹرنیشنل ڈیسک) پرتگال کے جزیرے مدیرا میں ایک مذہبی تقریب کے دوران درخت گر جانے سے 13 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں کچھ غیر ملکی بھی ہیں۔ فنچال نامی قصبے میں ہونے والے اس حادثے کی ایک وڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عوام کے ہجوم پر درخت گر رہا ہے جس سے ہر طرف افراتفری مچ گئی ہے۔ خبروں کے مطابق دوپہر 12 بجے کے قریب فاؤنٹین اسکوائر نامی چوک پر گرنے والا درخت بلوط تھا اور اس کی عمر تقریباً 200 سال تھی۔ اس حادثے کے بعد مدیرا میں 3 دن کے سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوزا بھی جزیرے پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رنج و غم کا اظہار کیا۔ مدیرا یورپی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام ہے اور وہ پرتگال کے زیر انتظام جزائر میں سب سے ایک بڑا جزیرہ ہے اور ملک کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی لوگ ایک مقامی رومن کیتھولک گرجا گھر میں مذہبی تقریب منانے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ دی لیڈی آف ماؤنٹ فیسٹیول کے نام سے جانے والا یہ تہوار مدیرا کا سب سے بڑا تہوار ہے اور اس موقع پر یہاں عام تعطیل ہوتی ہے۔ ایک عینی شاہد نے کہا کہ مجھے بہت زور دار آواز آئی اور میں نے دیکھا کہ درخت تیزی سے گر رہا ہے اور کئی لوگ جان بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے لیکن کئی درخت کے نیچے آ گئے۔ موقع پر موجود ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ یہ واقعہ میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ ہمیں بھاگنے کے لیے بہت تھوڑا وقت ملا تھا اور ہمیں بعد میں احساس ہوا کہ لوگ اس درخت کے نیچے دب گئے ہیں۔ ہنگامی امداد فراہم کرنے والے ادارے حادثے کے بعد جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔ مدیرا کے سیکرٹری برائے صحت پیڈرو راموس نے کہا کہ زخمی ہونے والوں کچھ کا تعلق جرمنی، ہنگری اور فرانس سے ہے۔ یاد رہے کہ اس سال ہونے والا تہوار اس لحاظ سے زیادہ اہمیت کا حامل تھا کیوں کہ گزشتہ سال یہ تہوار جزیرے کے جنگلات میں آگ لگ جانے کے سبب منسوخ کر دیا گیا تھا۔