عصبیت سے بالاتر ہوکر پاکستان کی خدمت کرنی ہوگی‘ نعیم الرحمن

144
حافظ نعیم الرحمٰن نارتھ ناظم آباد زون کے یوسی 23 میں امید پاکستان فیملی فیسٹول سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی نارتھ ناظم آباد زون اویس یاسین کی خصوصی ہدایت پر زون کی تمام یوسیز نے 70 ویں جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے، آتش بازی اور پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کرکے اپنے جذبات کا اظہار کیا جبکہ یوسی 23نے امید پاکستان کے نام سے فیملی فیسٹول کا انعقاد کیا جس میں امیر حلقہ کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شرکا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب قیم زون عبد الاحد فریدی اورجے آئی یوتھ زون کے صدر شارق حسین جعفری سمیت دیگر ذمے داران بھی موجودتھے۔ خواتین کے لیے سبز رنگ کی چوڑیاں تقسیم کی گئیں، علاقے میں سب سے خوب صورت گلی سجانے پر بچوں کو نقد انعام سے بھی نوازا گیا، حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ عصبیت سے بالا تر ہوکر پاکستان کی خدمت کرنی ہوگی، ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تعلیم عام کی جائے، پاکستان حاصل کرنے کا مقصد قرآن و سنت کے نظام کو عام کرنا ہے۔ اس کے استحکام کے لیے سب کو مل کر تیاری کرنی ہوگی، پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا جس کی خاطر لاکھوں افراد نے اپنے جان و مال کی قربانی دی ہے، آزادی ایک نعمت ہے، کشمیر کی آزادی کے لیے بھی ہم بھارت سے جنگ کرنے کو تیار ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ سری نگر میں بھی محب وطن پاکستانی موجود ہیں جنھوں نے ہمارے ساتھ چلنے کا عزم کرتے ہوئے سبز ہلالی پرچم لہرایا، پہلے لوگوں نے پاکستان بنانے کے لیے قربانیاں دی تھیں پھر بنگلا دیش کے عوام نے پاکستان بچانے کے لئے قربانی دی جس کی آج بھی جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنماجیلوں میں سزا کاٹ رہے ہیں، پاکستان بچانے کے لیے بھی ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے نوجوان تیار ہیں۔