نو اگست کو کھارادر کے نجی بینک میں ڈکیتی کے 2 ملزمان گرفتار 

195
بغدادی پولیس اسٹیشن: ایس ایس پی سٹی عدیل حسین ملزمان اور برآمد کیے جانے والامسروقہ سامان میڈیا کو دکھا رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس نے 9اگست کو کھارادر کے علاقے میں نجی بینک میں ہونے والی ڈکیتی میں ملوث 2ملزما ن کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ 35ہزار روپے اور 2ٹی ٹی پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔ یہ بات ایس ایس پی سٹی عدیل چانڈیو نے اپنے دفتر بغدادی کیمپس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ایس پی سٹی ڈویژن شہلا قریشی بھی موجود تھیں ۔ایس ایس پی سٹی عدیل چانڈیو نے بتایا کہ ڈی ایس پی کھارا در زاہد حسین صدیقی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی جس نے انتہائی مہارت سے شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں کھاردار پولیس کی چوکی کے قریب ہونے والی بینک ڈکیتی میں ملوث 2ملزموں مقصود علی ولد منظور علی کو بڑا بورڈ پاک کالونی اور زاہد محمود ولد محمد اسحاق کوبغدادی کے علاقوں سے گرفتار کرکے بینک سے لوٹی ہوئی ایک لاکھ 35ہزار روپے کی رقم اور 2ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے۔ ملزمان نے اپنے دیگر 3ساتھیوں کے ہمراہ نجی بینک میں ڈکیتی کی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ شہر میں 200سے زائد ڈکیتیوں کی وارداتو ں میں ملوث ہیں ۔ملزم مقصود علی اس سے قبل 8مرتبہ کراچی کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے مقدمات میں گرفتار ہو کو جیل جاچکا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھی بھی بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔آئی جی سندھ نے عمدہ کارکردگی پر پولیس پارٹی کو 2لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔