جشن آزادی میں اقلیتوں کی شرکت حب الوطنی ہے‘ گورنر سندھ

218

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنج مکھی مندرمیں جشن آزادی کی تقریب کا اہتمام ہندو برادری کا پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے تعلیمی نظام میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔ ان خیالات کااظہارگورنرسندھ محمدزبیرنے پنج مکھی مندر میں منائی جانے والی یوم آزادی کی تقریب اور اقراء یونیورسٹی میں ڈیجیٹل لرننگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق پنج مکھی مندرسولجربازار میں یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ جب پنج مکھی مندر پہنچے تو ہندو برادری کے افرادنے ان کا زبردست استقبال کیا ، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر پاکستان کے ملی نغمے اور ترانے بھی سنائے گئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مندر، ہندو برادری کی مقدس عبادت گاہ ہے جہاں پر جشن آزادی کی تقریب کا اہتمام ہندو برادری کا پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار ہے، ہندو برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اداروں میں ہندو برادری کے افراد اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ، پاکستان میں ہر مذہب کا احترام اور انھیں مذہبی آزادی حاصل ہے ، سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی انھیں مخصوص نشستیں حاصل ہیں تاکہ ہر ایک مادر وطن کی خوشحالی و ترقی میں بھرپور حصہ لے سکے۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقاریب ہر رنگ و نسل ، مذہب ،فرقہ اور مسلک کی تمیز سے بالا تر ہو کر منانا سنہری مستقبل کی نوید ہے،اسی جذبے سے پاکستان کو عالمی معاشی نقشے پربھی نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے ، جشن آزادی کی تقاریب مادر وطن کے دشمنوں کے لیے دو ٹوک پیغام ہے کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ہر ایک نا قابل تسخیر اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے اور یہی جذبہ پاکستان کی پہچان بھی ہے۔ گورنر سندھ نے مندر میں پاکستانی پرچم کو بلند کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ علاوہ ازیں اقراء یونیورسٹی اور ہارورڈ بزنس اسکول (ایچ بی ایکس)کے درمیان ڈیجیٹل لرننگ اقدامات کے آن لائن پروگرام Credential of Readiness(CORe) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے تعلیمی نظام میں تیزی سے بہتری آرہی ہے ،اقراء یونیورسٹی معیار تعلیم کی فراہمی میں سرفہرست تعلیمی ادارہ ہے ،یونیورسٹی کاہارورڈ بزنس اسکول کے ڈیجیٹل لرننگ اقدامات کے آن لائن پروگرام کے ساتھ باہمی اشتراک خوش آئند ہے۔ اس موقع پر اقراء کے چیئر مین حنید لاکھانی ، معروف صنعت کار سردار یٰسین ملک ،بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلراختر بلوچ ، اقراء یونیورسٹی کی وائس چیئر مین ارم لاکھانی ، وائس چانسلر وسیم قاضی ، ہائر ایجوکیشن سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔