قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس‘ افغانستان سے تمام معاملات پر مذاکرات کا فیصلہ

271
اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) سیاسی اور عسکری قیادت پر مشتمل قومی سلامتی کمیٹی نے افغانستان کے ساتھ تمام معاملات پر مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان اور متعلقہ وفاقی وزرا کے علاوہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں داخلی اور بیرونی سلامتی کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔سیاسی وعسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم کیا۔اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ نے دورہ افغانستان کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی اور افغان حکام کے تحفظات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعات اور پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ملوث شدت پسندوں کے افغانستان میں مبینہ نیٹ ورک سمیت تمام معاملات پر بات کی جائے گی۔اجلاس میں افغانوں کی زیر قیادت امن کوششوں کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔سرکاری بیان کے مطابق کشمیر میں کنٹرول لائن پر فائرنگ کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ علاقائی امن تنازع کشمیر اور دیگر تصفیہ طلب مسائل کے حل سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔