عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، یونس بارائی 

182
جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر محمد یونس بارائی یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوام کوبنیادی سہولیات مہیّا کرنا حکومت وقت کی اوّلین ذمے داری ہے ،یونین کونسل 18گلشن اقبال میں ناقص سڑکوں کی تعمیر چند دنوں میں ظاہرہوگئی، علاقہ مکین سخت پریشان ہیں ،مسئلے کو فوری حل کیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی وسابق رکن سندھ اسمبلی محمد یونس بارائی نے گلشن اقبال یوسی 18کے تحت ناقص سڑکوں کی تعمیر کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غیرسنجیدگی شہریوں کے لیے سخت اذیت کا باعث ہے ،پائیدار سڑک کی ازسرنوتعمیرکی جائے ،روشنیوں کے سفر کی جانب گامزن شہرکراچی کوایک بار پھر اندھیروں میں دھکیلنے کی ہرسازش کومسترد کرتے ہیں، شہربھرمیں خوف وہراس اوربھتے کی فضا کا آغاز بدامنی کی جانب لوٹنا ہے ،کسی صورت شہرکر اچی کوملک دشمن عناصر کے حوالے نہیں کریں گے، بھتا خوری ،قتل وغارت ،دھونس ودھاندلی کومل کرشکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ منتخب یوسی چیئرمین عوامی خدمت کوشعاربنائیں،کسی بھی صورت بدعنوانی کوپنپنے نہیں دیں گے ،احتجاجی سلسلہ وسیع ہوا تو کرپٹ عناصر کے لیے سرچھپانے کی جگہ باقی نہیں رہے گی۔اس موقع پر مقامی عمائدین اورعلاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک تھی ،مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز تھام رکھے تھے۔