لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹا ؤن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں آخری حد تک جائیں گے اور شریف برادران کو پھانسی ہو گی۔لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مال روڈ پر بیٹھ کر ثابت کر دیا کہ 17جون کے شہدا تنہا نہیں، ان لے لواحقین کو خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت انہیں ڈرا سکتی ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ پاناما کیس میں چور تو پکڑا گیا مگر 14بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والا قاتل ابھی باقی ہے جس کا نام شہباز شریف ہے اور نوازشریف کے پیچھے اصل قوت شہبازشریف کا پنجاب میں اقتدارہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے35سال سے تماشا لگا رکھا ہے،، ووٹ کا تقدس پامال کیا، چھانگا مانگا سیاست متعارف کروائی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 80کی دہائی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بولیاں لگائیں، صدر سے مل کر بے نظیرکی حکومت ختم کروائی، ابھی نواز شریف پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور بعد میں شہباز شریف پوچھیں گے کہ مجھے کیوں نکالا۔عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ نواز شریف ابھی تو انصاف کی پہلی کھڑکی کھلی ہے، دروازہ اور راستہ ابھی کھلنا باقی ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں تاہم عیدالاضحی کے بعد فیصل آباد میں احتجاجی دھرنے ہوں گے ‘پھر ملتان اور راولپنڈی میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی۔