غزہ میں خودکش حملہ‘ حماس کمانڈر شہید

267
غزہ اور مصر کی سرحد پر داعش کے خودکش حملے میں شہید ہونے والے حماس کمانڈر نضال جمعہ جعفری کی فائل فوٹو

غزہ(انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کی محصور پٹی غزہ کی مصر سے متصل سرحد پر ایک خودکش حملے میں ایک مزاحمت کار شہید ہوگیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رفح کے علاقے میں شدت پسند تنظیم داعش کے ایک بم بار نے حماس کی عسکری تنظیم القسام بریگیڈ کے ارکان کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں سرحد پر پہرا دینے والا القسام بریگیڈ کا ایک رکن 28 سالہ نضال جمعہ جعفری شہید اور 4 دیگر زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ غزہ کی وزارت داخلہ کے مطابق سرحدی محافظوں نے 2 افراد کو سرحد کی جانب بڑھنے سے روکا، تو ان میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے کے بعد رفح اور خان یونس شہر سمیت غزہ کے تمام جنوبی علاقوں میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو یوسف النجار اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ادھر مصر نے بھی اپنے علاقے میں سیکورٹی سخت کردی ہے۔