وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی‘ امریکی سفیر او ر مختلف وفود سے ملاقاتیں

315
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی سفیر ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی ہے، چاروں وزرا ئے ا علیٰ ، وزیر بین الصوبائی رابطہ، وزیر صنعت و پیداوار اور وزیر خزانہ مشترکہ مفادات کونسل کے ارکان ہوں گے۔جمعرات کو ایوان وزیر اعظم کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم سی سی آئی کی صدارت کریں گے۔علاوہ ازیں امریکی سفیرڈیوڈ ہیل نے بھی وزیراعظم آفس میں شاہدخاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں پاکستان اورامریکا کے درمیان دوطرفہ امورپر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان امریکا کو اہم شراکت دار ملک سمجھتاہے اورپاکستان امریکا کے ساتھ موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔امریکی سفیر نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہاربھی کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سردار ثنااللہ زہری نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے گفتگوکی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کو وفاق کی اکائیوں کے برابر لانے کے لیے بلوچ عوام کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں ،ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیےآئندہ چند روز میں بلوچستان کا دورہ کروں گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کے بعد بہاولپور کے ارکان قومی اسمبلی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بہاولپور میں گیس اوربجلی منصوبوں کے لیے وزیراعظم آفس کوفوری طور پرفنڈزجاری کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ خود ایم این ایزکی ترقیاتی اسکیموں پرعمل درآمد کی نگرانی کریں گے۔بعدازاں شاہد خاقان عباسی سے برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ تاجر برادری کی طرف سے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔