وینزویلا: جیل میں خوفناک تصادم37 قیدی ہلاک‘ 14افسران زخمی

209
کراکس: وینزویلا کی جیل میں تصادم کے بعد فوجی نے احاطے کو گھیر رکھا ہے‘ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے افسر کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

کراکس (انٹرنیشنل ڈیسک) وینزویلا کی ایک جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپوں میں 37 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق وینزویلا کے دفتر استغاثہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ ریاست ایمازوناس کے دارالحکومت پویرتو اجاکوچو کی جیل میں پیش آیا، جو کولمبیا کی سرحد پر واقع ہے۔ وینزویلا میں وزارت داخلہ کی ماتحت فوج کے مطابق جیل میں کشیدگی کیاطلاع ملتے ہی صورت حال پر قابو پانے کے لیے فوج کی بھاری نفری روانہ کردی گئی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق جیل میں سے کئی گھنٹوں تک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ ایمازوناس کے گورنر لیبوریو گوارولا نے واقعے کو قتل عام قرار دیا ہے۔ دفتر استغاثہ کے مطابق جھڑپوں کے دوران 14 افسران بھی زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق جھڑپوں کے وقت جیل میں 105 قیدی موجو تھے، جن کا تعلق مختلف جرائم پیشہ گروہوں سے ہے۔