شمالی کوریا کے ممکنہ حملے کی وجہ سے جاپانی شہر میں بچاؤ کی مشق

250
ٹوکیو: شمالی کوریا کے کسی ممکنہ میزائل حملے سے بچنے کے لیے جاپانی شہری مشق کر رہے ہیں

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان کے ساحلی شہر کوتورا میں عوام کو شمالی کوریا کے کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں بچاؤ کی مشق کرائی گئی۔ شہر میں خصوصی سائرن بجائے گئے۔ اسکولوں میں موجود بچوں کی بھی رہنمائی کی گئی کہ وہ سائرن سننے کے بعد کس طرح فوری طور پر محفوظ علاقے کی جانب دوڑتے ہوئے پہنچیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کوتورا شہر کے لوگوں میں شمالی کوریا کے ممکنہ حملے کا خوف بڑھتا جا رہا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے یہ دھمکی سامنے آ چکی ہے کہ وہ بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام پر امریکی فضائی مرکز کو میزائل سے نشانہ بنا سکتا ہے۔



امریکی صدر ٹرمپ بھی شمالی کوریا کو متنبہ کر چکے ہیں کہ اسے واشنگٹن کے سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ امریکا شمالی کوریا کی جانب سے دھمکیوں کے سلسلے میں ایشیا کے اپنے اتحادیوں کے ساتھ اپنی وابستگی پر بدستور قائم ہے۔ امریکا اور جاپان کے درمیان دفاعی اور سفارتی مذاکرات میں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا کہ واشنگٹن شمالی کوریا کی جانب سے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاقے پر داغے گئے کسی بھی میزائل کو مار گرانے کے لیے فوری اور واضح کارروائیاں کرے گا۔