پرائمری کے نصاب سے اسلامی اور قومی مضامین نکالنا قابل مذمت ہے‘ میاں مقصود

618

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے پرائمری کی نئی نصابی کتابوں سے اسلام، پاکستان کی تاریخ اور فوج سے متعلق اسباق اور تصاویر خارج کرنے کے اقدام پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اول سے پنجم تک کی کتابوں سے رحمت عالمؐ، حضرت علیؓ، عبدالقادر جیلانیؒ ، جشن میلادالنبیؐ کے موضوعات نکال کر ہیلن کیلرکے مضامین کو شامل کیا گیا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ نصاب سے ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ اور مسجد کی تعظیم کے حوالے سے مضامین کو سرے سے ہی خارج کردیا گیا ہے۔



انہوں نے کہا کہ کتب سے پاکستان کا نقشہ، قائداعظم کا سبق، یوم آزادی اور مساجد سے متعلق مضامین، میجر عزیز بھٹی شہید، فوج کی پریڈ، آپریشن ضرب عضب، ردالفساد کے حوالے سے آگاہی مضامین اور تصاویر کو بھی ایک سازش کے تحت نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ چھوٹے بچوں کے نصاب تعلیم میں امریکی ہیروز کا تذکرہ تشویش ناک ہے۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت معصوم بچوں کی ذہن سازی کرکے انہیں دین اسلام سے دور اور وطن کے حقیقی جانثاروں کے کارناموں کو پوشیدہ رکھ کر غلط تربیت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی مستقبل کے معماروں کی کمزور بنیادوں پر نشوونما، ذہن سازی اور کردار سازی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔



میاں مقصود احمد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بورڈ کے اس ناقابل معافی کارنامے پر سخت ایکشن لے۔ محض سطحی لیول کی محکمہ کارروائی نہیں ہونی چاہیے، اس مذموم سازش کے پیچھے چھپے عناصر کوجلد بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پاکستان اسلامی جمہوری ریاست ہے جو قومی نظریے اور کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آئی۔ مختلف حیلوں بہانوں سے دشمن ہماری نسل کو نشانہ بنا کر اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔ اس کا راستہ روکنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک وقوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ نصاب میں تبدیلی قبول نہیں۔