کراچی پبلک اسکول میں جشن آزادی اسپورٹس پروگرام کا انعقاد

172
کراچی :کراچی پبلک اسکول کے طلبہ جشن آزادی کے سلسلے میں اسپورٹس پروگرام میں شریک ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پبلک اسکول میں امسال بھی حسبِ سابق جشنِ یوم آزادی انتہائی جوش و جذبے اور روایتی انداز میں منایاگیا۔ایونٹ کورڈینیٹر سید منیر علی قادری کے مطابق مرکزی تقریب سفاوی کیمپس کورنگی میں منعقد ہوئی جہاں کے پی ایس کی پرنسپل اختر معروف نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر تقریبات کا باقا ئدہ آغاز کیا ۔ اس موقع پر سفاوی کیمپس کے سینکڑوں طلباء و طالبات، اساتذہ اکرام ،والدین اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ محترمہ مسز اختر معروف نے اپنی تقریر میں آزادی کے جذبے کو اجاگر کیا اور کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق نظم و ضبط،اتحاد اور مسلسل محنت پر یقین رکھتے ہوئے قوم کی خوشحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔



انہوں نے کے پی ایس کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پر وقار تقاریب کے انعقاد کی اجازت دی۔مسز معروف نے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے انتہائی محنت سے طلبہ کو تیاری کرائی۔ منیر قادری کے مطابق سفاوی کیمپس سمیت ملیر ،اسٹارگیٹ، گلستانِ جوہر ،گلشنِ اقبال، طارق روڈ ،مسلم آباد، پی ۔ای۔سی۔ایچ۔ایس، فیڈرل بی ایریا،شاہراہِ فیصل کیمپس میں بھی اسی طرح کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ طلباء وطالبات نے یومِ آزادی کی مناسبت سے ریلیاں نکالیں جسے عوام، شائقین نے خصوصی طور پر پسند کیا۔ اس کے علاوہ خوبصورت ٹیبلو کے ذریعے فوج کی لازوال قربانیوں کی عکاسی کی گئی اور انہیں زبردست انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔



جشن آزادی کے حوالے سے طلباء و طالبات نے پر جوش تقاریرکیں اور ملّی نغموں کے ذریعے سماں باندھ دیا۔اس کے علاوہ جشنِ آزادی کے حوالے سے کھیلوں کے مختلف مقابلے بھی منعقد کروائے گئے۔ جن میں فٹبال،فٹسال، باسکٹ بال، اور تھرو بال کے مقابلے شامل تھے۔ سینکڑوں طلباء وطالبات نے مختلف برانچز سے ان مقابلوں میں بھر پور حصہ لیا۔ یہ تمام مقابلے سفاوی کیمپس کورنگی میں منعقد ہوئے۔ دریں اثناء والدین نے کراچی پبلک اسکول کے اس سال پر جوش اندز میں یومِ آزادی پاکستان منانے پر شکر ادا کیا اور اساتذہ کرام کی خصوصی تعریف کی جنہوں نے بچوں کو تیاری کروائی اور اس طرح جشنِ آزادی کی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔