اسپورٹس جرنلسٹس کی وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری سے ملاقات 

213
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کو اے پی آئی ایس کے رکن امجد عزیز ملک اپنی کتاب پیش کررہے ہیں

کوئٹہ(جسارت نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری نے پاکستان میں اسپورٹس جرنلسٹس کی بین الاقوامی کانگرس اور انٹرنیشنل سپورٹس جرنلسٹس سیمینار کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کا سافٹ امیج ساری دنیا میں ابھر کر سامنے آئے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک سے ملاقات میں کیا جنہوں نے کوئٹہ میں ان سے ملاقات کی۔ کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا ء الرحمان، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد، بلوچستان سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نسیم حمید ،سابق صدر حاجی محمد اجمل اور سیکرٹری جنرل عرفان رانا بھی اس موقع پر موجود تھے۔



ثناء اللہ زہری نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورت حال میں بین الاقوامی سپورٹس جرنلسٹس کا پاکستان آنا بلاشبہ لائق ستائش ہے اور سپورٹس جرنلسٹس امن و امان کی بہتر ہوتی صورت حال سے اپنے قارئین اور کھیلوں کے منتظمین کو آگاہ کریں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایشین سپورٹس جرنلسٹس کی کانگرس اور انٹرنیشنل سیمینار کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا انہوں نے کانگرس میں شرکت کی دعوت بھی قبول کر لی۔ امجد عزیز ملک نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری کو بتایا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ایشیا سے تعلق رکھنے والے 30 ممالک کے60 مندوبین کے علاوہ اسپورٹس جرنلسٹس کی بین الاقوامی تنظیم اے آئی پی ایس کے اٹلی سے تعلق رکھنے والے صدر جیانی مرلو اور ہنگرین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کی صدر سوزا سٹزو بھی شرکت کریں گی۔



پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر نے مزید کہا ہے کہ کانگرس میں مختلف سپورٹس فیڈرشینوں ، پشاور زلمی ، اور دیگر اداروں کی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی اور صحافیوں کو پاکستان میں کھیلوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔