کھیلوں کے فروغ میں اسپورٹس جرنلسٹس کا کلیدی کردار ہے‘ گورنر سندھ

224
کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر سے اے آئی پی ایس کے رکن امجد عزیز ملک ملاقات کررہے ہیں

کراچی ( سٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں اسپورٹس جرنلٹس کا کلیدی کردار ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے سے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ کھیل نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے ، حکمت عملی وضح کرنے اور کامیابی کے حصول میں زبردست تجربہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو اجاگر کرنے والے صحافی اچھے معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردار اداکررہے ہیں ،نوجوانوں کو معاشرہ کا کار آمد شہر بنانے میں دیگر شعبوں کے علاوہ صحافتی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتاہے۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر و ایشیئن اسپورٹس فیڈریشن ( AIPS ) کے سیکریٹری امجد عزیز ملک کی قیادت پی ایس ڈبلیو ایف کی 6رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔وفد میں پی ایس ڈبلیو ایف کے سینئر نائب صدر نصراقبال, جوائنٹ سیکریٹری محمد اصغرعظیم ، پی ایس ڈبلیو ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان ارشاد علی اور امتیاز نارنجا سمیت اسپورٹس جرنلسٹس ایسو سی ایشن سندھ (سجاس) کے صدر طارق اسلم شامل تھے, ملاقات میں کھیلوں کے فروغ میں صحافت کے کردار ، کھیلوں کے مقابلوں میں قومی توقعات ، با صلاحیت کھلاڑیوں کے لئے مواقعوں کی فراہمی سمیت کھیلوں سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔



گورنر سندھ نے کہا کہ کھیل کے لئے جذبہ نہایت ضروری ہے ، جذبہ سے ہی کھیل میں نکھار پیدا کیا جا سکتا ہے ، سخت محنت اور لگاؤ سے کھلاڑی نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں ، 60 اور 70 کی دہائیوں میں پاکستان عالمی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں سرفہرست رہا لیکن بعد میں ہمارے کھیلوں میں معیار ختم ہو تا چلا گیا، لیکن ہمیں ہمت نہیں ہارنی چاہئے۔ بلکہ اور زیادہ لگن کے ساتھ ٹیموں کی تشکیل میں نئے با صلاحیت کھلاڑیوں کی شمولیت سے ماضی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے دنیا میں پاکستان کا مثبت ابھار ا جا سکتا ہے اس ضمن میں موجودہ دور میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کا وشیں جاری ہیں۔ اس موقع پر امجد عزیز ملک نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستانی صحافت کھیلوں کو اجاگر کرنے اور نوجوانوں کو اس جانب راغب کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔



انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اسلام آباد میں اکتوبر کے مہینہ میں نیشنل اسپورٹس رائٹرز ورکشاپ اینڈ کانگریس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں 30 ممالک کے 60 سے زائد اسپورٹس جرنلٹس شرکت کرینگے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو نیشنل اسپورٹس رائٹرز ورکشاپ میں شرکت کرنے کے لئے دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ گورنر سندھ نے کہاکہ پاکستانی اسپورٹس جرنلٹس کی طرف سے نیشنل اسپورٹس رائٹرز کانگریس اینڈ ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں عالمی سطح کے صحافیوں سے پاکستان کا مثبت تاثر پیدا ہوگا میری پوری کوشش ہوگی کہ اس ایونٹ میں شرکت کرسکوں۔ ملاقات کے موقع پر گورنر سندھ نے سجاس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن جاوید اقبال کی علالت پر تشویش کا اظہار کیا اور جاوید کی میڈیکل رپورٹ طلب کرلی جبکہ گورنر سندھ نے سجاس کے سرپرست اعلی بننے کی درخواست بھی قبول کر لی۔