پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 2دہشت گرد ہلاک

326
کورنگی نورانی بستی میں پولیس اور رینجرز سے مقابلے میں مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے منتقل کی جارہی ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس کے انسداد دہشت گردی سیل نے انٹیلی جنس بیس آپریشن کرتے ہوئے کورنگی میں مقابلے کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ٹریفک پولیس اہلکار سے چھینی گئی ایم پی فائیو بندوق سمیت بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مذکورہ مکان میں موجود نصب بموں کو ناکارہ بنا کر تحویل میں لے لیا ۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس ٹیم کو کامیابی پر 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ بات ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے اپنے آفس میں ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔ ان کے ہمراہ پاکستان رینجرز سندھ کے کرنل شاہد ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہدحامد اور دہشت گردی سیل کے انچارج راجہ عمر خطاب بھی موجود تھے ۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی نے بتایا کہ شہر میں دہشت گردی کے خاتمے اور پولیس کلنگ کی کارورائیوں کو روکنے کے لیے سی ٹی ڈی اور پاکستان رینجرز سندھ کی جوائنٹ انٹیلی جنس ٹیم نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لانے کے لیے اپنے نیٹ ورک اور ٹیکنیکل سہولیات کے ذریعے کوششیں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیاہے ۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ چند دہشت گرد کورنگی کے علاقے نورانی بستی میں موجود ہیں جو کہ پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی انچارج (ٹی ٹی آئی جی) سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب اور رینجرز کی مشترکہ ٹیم نے دہشت گردوں کے اڈے پر جاکر انہیں پکڑنے کی کوشش کی تواس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اور رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی حملے کے دوران دستی بم بھی پھینکے گئے ۔جوائنٹ ٹیم کی جوابی فائرنگ سے 2 دہشت گرد عرفان اللہ عرف حماد عرف شینا اور ناصر عرف خالد ہلاک ہو گئے ۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان مفتی شاکرا للہ گروپ سے تھا جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں ڈیٹو نیٹر ، بارودی مواد، 2پستول اور پمفلٹ برآمد کر لیے دہشت گردوں نے ٹائمر بم بھی نصب کیا ہوا تھا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ۔ دہشت گردوں کے اڈے سے ٹریفک اہلکار سے چھینی گئی ایم پی 5 رائفل بھی برآمد ہوئی ۔ ہلاک دہشت گردوں کے ساتھی پچھلے ہفتے بھی سی ٹی ڈی پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں ۔ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے دونوں پستولوں کی فرانزک کرائی گئی جو کہ جولائی 2017 میں کورنگی عوامی کالونی کے علاقے میں 3 پولیس اہلکاروں کے قتل اور ابولحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل سے مطابقت رکھتی ہے۔