کراچی میں حالیہ وارداتوں میں ملوث ملزمان پکڑلیے‘ وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ

307
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ڈاؤ یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ کراچی میں دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں میں ملوث بعض ملزمان پکڑے گئے ہیں، باقی ماندہ دہشت گردوں کو بھی جلد پکڑ لیں گے، دہشت گرد قانون نافذ کرنیوالے اداروں کامورال کم کرناچاہتے ہیں۔ پولیس ٹارگٹ کلنگ پر کام کررہے ہیں، کل بھی ایک گینگ کو ختم کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اتوار کوشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورشہر میں کے ایم سی کے تحت جاری پروجیکٹس کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ وزیربلدیات سندھ جام خان شورو،چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



دورے کے دوران مراد علی شاہ نے مختلف تعمیراتی سڑکوں، انڈر پاسز اور فلائی اوور کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے ملیر روڈ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی جبکہ منزل پمپ پر ٹھٹھہ جانے والے روڈ پر جاری کام میں سست روی پر محکمہ ورکس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب دورے پر نکلتا ہوں تب ہی کام ہوتا ہے۔ سست روی کیوں دکھائی جاتی ہے؟۔اس روڈ کے ساتھ فٹ پاتھ بھی بنانی چاہیے تھی ۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ ائر پورٹ سے قائد آباد تک کے ایم سی کے تحت کام کو دیکھنے آیا تھا، ائرپورٹ سے قائدآباد تک روڈ کا کام کاغذات میں مکمل ہوگیا ہے مگر عملی طور پر نہیں ہوا جبکہ کے ایم سی کو منصوبے کے تمام فنڈز جاری کردیے گئے تھے۔



انہوں نے کہا کہ منزل پمپ فلائی اوور پر کام سے مطمئن ہوں اور فلائی اوور کا این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین سے معائنہ کرایا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار سے مطمئن نہیں ہوں لہٰذا چاہوں گا کہ کے ایم سی کاموں کے معیار پر توجہ دے۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ شہر میں پولیس کی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کی نشاندہی ہوگئی ہے اور حالیہ قتل کے واقعات میں ملوث ایک گینگ کو پکڑا بھی ہے جبکہ باقی دہشت گردوں تک بھی جلد پہنچیں گے۔