نواز شریف اداروں میں تصادم اور نظام لپیٹنا چاہتے ہیں‘ لیاقت بلوچ

410

لاہور (نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نوازشریف اداروں میں تصادم اور نظام لپیٹناچاہتے ہیں‘ سابق وزیراعظم کے لیے فرار کا راستہ نہیں‘ نیب عدالت کی مقررہ مدت میں شریف خاندان کے خلاف دائرکرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بھر میں ہونے والے جے آئی یوتھ کے انتخابات کے موقع پر لاہور میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے دورے کے بعد منصورہ میں نائب امیر ڈاکٹر فریداحمد پراچہ، امیر العظیم، ذکر اللہ مجاہد اور صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔



لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوازشریف کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں‘ انہیں بالآخر نیب کے سامنے پیش ہونا پڑے گا‘ ضد کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا‘ نوازشریف اداروں کے ساتھ تصادم کی سازش کر رہے ہیں‘ وہ چاہتے ہیں کہ وہ نہیں رہیں تو جمہوریت کا بوریا بستر بھی گول ہو جائے اور آئین اور عدلیہ کو بے توقیر کر دیا جائے‘ اس وقت ضرورت ہے کہ تمام ادارے آئین کو اپنے پیش نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منشور کا اہم ترین ایجنڈا ملک بھر کے نوجوانوں کی زندگیوں کو بامقصد بنا کر انہیں ملک کے باوقار شہری بنانا ہے‘ جماعت اسلامی نوجوانوں کو اپنے اندر سے قیادت منتخب کرنے کا موقع دے کر ملک کو باصلاحیت اور دیانتدار قیادت دیناچاہتی ہے‘ہماری آبادی کا 65 فیصدحصہ نوجوانوں پرمشتمل ہے یہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ‘ قومی و بین الاقوامی سروے بتاتے ہیں کہ پاکستان کا نوجوان اسلام کا شیدائی اور محب وطن ہے‘ نوجوان چاہتے ہیں کہ ان کا مستقبل محفوظ ہو اور انہیں باعزت روزگار ملے ‘ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں‘نوجوان قومی معاملات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ان کے اندر سے محرومی اور مایوسی کا خاتمہ ہوسکے۔



انہوں نے کہاکہ ملک کو قرضوں کی لعنت اور ذلت و رسوائی دینے والا کرپٹ اشرافیہ ہے اور یہی مٹھی بھر اشرافیہ عوام کا خون چوس کر عیاشیاں کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب تک ملک میں18 لاکھ نوجوان جے آئی یوتھ کے رکن بن چکے ہیں‘ خیبر پختونخوا میں ہونے والے الیکشن میں 22 ہزار نوجوان منتخب ہوکر مختلف عہدوں پر کام کر رہے ہیں‘ پنجاب میں پہلے مرحلے کے انتخابات میں 2 ہزار نوجوان منتخب ہوئے اور 20 اگست کو دوسرے مرحلے کے انتخابات ہوئے‘ ستمبر میں سندھ اور بلوچستان میں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی انتخابات ہوں گے۔