کراچی میں معاشی سرگرمیاں بحال کرنا اولین ترجیح ہے‘ محمد زبیر

161
بعد ازاں گورنر سندھ نمائش میں لگائے جانے والے اسٹالز پر گئے اور وہاں پر رکھی گئی مصنوعا ت سے متعلق آگاہی بھی حاصل کی ۔

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ محمد زبیر نے ایکسپو سینٹر میں صحت کے شعبہ کی سب سے بڑی 13 ویں ہیلتھ اینڈ فا رما ایشیا نمائش کا افتتاح کردیا ہے۔ نمائش میں 50 ہزار سے زائد صحت کے شعبہ کے ماہرین شرکت کریں گے جس میں امریکا ، برطانیہ، چین ، فرانس ،جاپان ، کوریا ، اٹلی، سنگا پور ، جرمنی ، ایران ، تائیوان اور خلیجی ممالک سمیت دیگر 25 سے زائد ممالک کے غیر ملکی مندوبین بھی شامل ہو ں گے ۔ نمائش میں 30 سے زائد سیمینا ر ، ورکشاپ ، کانفرنس منعقد ہوں گی جس میں غیر ملکی ماہرین ملکی ماہرین کو تربیت بھی فراہم کریں گے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ای کامرس گیٹ وے کی پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہ یہ 3 روزہ نمائش خوش آئند ہے کیونکہ نمائش میں تمام دوا ساز صنعتوں ، صحت سے متعلق صنعت کاروں، طبی اداروں، اسپتالوں ، لیبارٹری اور ان سے جڑی ہوئی دیگر صنعتوں کو ایک ساتھ کام کرنے کا موقع حاصل ہو گا ۔



انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبہ کی 450 سے زیادہ کمپنیاں اس نمائش میں شرکت کر رہی ہیں جن کا تعلق 25 ممالک سے ہے ، یہ نمائش دنیا میں ملک کا سوفٹ امیج اجاگر کرے گی۔گورنرسندھ نے کہا کہ صحت عامہ کسی بھی معاشرے کا سب سے اہم شعبہ ہے،صوبہ سندھ میں مختلف بیماریوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے،اس نمائش میں غیر ملکی وفود کی شرکت پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مندوبین کی آمد پر ان کے شکر گذار ہیں،سی پیک کے حوالے سے بھی اس نمائش کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اس کی ترقی میں ہی ملک کی ترقی مضمر ہے، کراچی میں دوبارہ معاشی سرگرمیاں بحال کرنا اولین ترجیح ہے جبکہ ہر شعبہ میں اس طرح کی بین الاقوامی نمائشوں کے انعقاد کی اشد ضرورت ہے۔



انہوں نے کہا کہ نمائش میں سمینار اور ورکشاپ سے صحت کے شعبہ میں جدید ترین تحقیق کے بارے میں آگاہی حاصل ہوگی،اس نمائش کے انعقاد پر ای کامرس گیٹ وے مبارکباد کی مستحق ہے۔اس موقع پر میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز آپریشن جاری رکھنے پر متفق ہیں،آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گاکیونکہ امن و امان کے قیام میں تسلسل ہر ایک کی خواہش ہے جس میں خلل بھی برداشت نہیں کرسکتے ہیں ۔