دینی مدارس تہذیب اور اخلاقیات کے مراکز ہیں‘ ممتاز سہتو

296
حیدرآباد، جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ،ضلعی امیر حافظ طاہرمجیدمدرسہ تفہیم القرآن (قاسم العلوم)میں تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر طلبہ کو انعامات دے رہے ہیں 

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ مدارس دین کی ترویج واشاعت میں بنیادی کردار ادا کررہے ہیں، دینی مدارس اور دینی جماعتوں کی سرپرستی سے ملک میں اسلام کا نظام آسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم القرآن قاسم العلوم کچا قلعہ کی تقریب اسناد اور انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مدرسے کی تقریب مرکز تبلیغ اسلام شاہ مکی روڈ پر منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس تہذیب اور اخلاقیات کے مراکز ہیں، یہاں سے قرآن وسنت کے پیغام عام ہورہاہے، دینی تعلیم حاصل کرکے یونی ورسٹی جانے والے طلبہ نمایاں کارکردگی دکھارہے ہیں اور دوسروں کے لیے مثال بنتے جارہے ہیں۔ یونی ورسٹی کے پاس زیادہ اور مدارس کے پاس محدودوسائل ہیں، محدودوسائل میں مدارس اچھے نتائج دے رہے ہیں، اس کے باوجود مدرسوں پر اعتراض کیا جاتا ہے، یونی ورسٹیوں پر نہیں۔ دین ودنیا دونوں کی تعلیم ضروری ہے، ایک اچھا اور مثالی مسلمان شہری بننے کے لیے تعلیم بہترین ذریعہ ہے۔



الخدمت فاؤنڈیشن رفاہی کاموں کے ساتھ ساتھ دین کی ترویج واشاعت قابل تقلید کام کررہی ہے۔ ایسی تقریب دیکھ کر یقین پختہ ہوجاتا ہے کہ ملک وملت کا مستقبل روشن ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد نے کہا کہ الخدمت کے مدارس میں کسی مسلک اورتفریق کی تعلیم نہیں دی جاتی، طلبہ کو اچھا مسلمان بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، قرآن وسنت کی تعلیم ہماری اساس اور بچے ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں آنے والے کل کے لیے آج سے تیار کرنا ہوگا، اسی میں ہماری اور ان کی دنیا اور آخرت دونوں کی کامیابی ہے۔ الخدمت شعبہ مدارس تفہیم القرآن کے نگران قاری محمدافضل شاکر نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ کا آغاز 1985ء میں ہوا۔ سیکڑوں بچے اور بچیوں نے معلم اور معلمات سے بنیادی دینی معلومات، ناظرہ اور حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے۔ مہمانوں کے ساتھ فارغ التحصیل اور زیر تعلیم طلبہ وطالبات، ان کے والدین اور معززین محلہ کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔