مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا،میاں اسلم

229
اسلام آباد ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ، جمیل کھوکھر اور غلام عباس و دیگر آزادی فیسٹیول کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور جماعت اسلامی نے اپنے انتخابی منشور میں اس حو الے سے انقلابی پروگرام رکھا ہے، اسلامی ریاست مسلم اور غیر مسلم کی تفریق کے بغیر شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی ذمے دار ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم ؒ نے فرمایا تھا کہ پاکستان میں مسلم اور غیر مسلموں کے حقوق برابر ہوں گے اور ریاست سب کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے تحت آزادی فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔



اس موقع پر جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے صدر جمیل کھوکھر، معروف گلوکار غلام عباس اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام شہری ہماری نظر میں برابر کے حقوق کے حق دار ہیں اور سب کے جان و مال اور عزت کا تحفظ ریاست کی ذمے داری ہے، سب کو تعلیم، صحت اور روزگار کی برابر سہولتیں ملنی چاہییں، دہشت گردی کے خاتمے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ملک سے معاشی اور سیاسی دہشت گردی کو بھی ختم کیا جائے، جب تک لوگوں کے حقوق غصب ہوتے رہیں گے، بدامنی اور انتشار کا خاتمہ خواب و خیال کی باتیں رہیں گی۔



انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مذاہب کے درمیان دوریاں ختم کرنے اور فاصلے مٹانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ ہم ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں اور ہم ایک دوسرے کی خوشی و غمی میں شریک ہوں گے اور ایک دوسرے کے حقوق کے تحفظ کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔