کرپشن بچانے کے لئے آئین بدلنے کی کوشش انتہائی شرمناک ہے‘ عمران خان

237

اسلام آباد (خبر ایجنسیا ں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن بچانے کے لیے آئین بدلنے کی کوششیں انتہائی شرمناک ہیں،شدید مزاحمت کی جائے گی، نئی امریکی پالیسی کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ بھارت کی طرح امریکا بھی اپنی ناکامیوں کا سارا بوجھ پاکستان ڈالنے کی کوشش کررہا ہے ، پاکستان کو سیکھ لینا چاہیے کہ ڈالرز کے عوض پرائی جنگ کو کبھی بھی اپنے آنگن تک نہیں لانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے خصوصی پیغام اور اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دہائیوں سے نافذ کی گئی ناقص اور ناکام افغان پالیسی حقیقت میں امریکی مایوسی کا سبب ہے۔



انہوں نے کہا کہ ادھر بھارت کشمیر میں اپنی عسکری حکمت عملی کی ناکامی کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ٹھہراتا ہے جبکہ کشمیر میں سراٹھاتی مزاحمت خود بھارت کی اپنی ناکام عسکری حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔الزام تراشی کی اس نئی قسط سے پاکستان کو ہمیشہ کے لیے ناقابل فراموش سبق حاصل کرنا چاہیے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو سیکھ لینا چاہیے کہ ڈالرزکے عوض پرائی جنگ کو کبھی اپنے آنگن تک نہیں لانا چاہیے ہم نے امریکا کی خوشنودی کے لیے افغانستان میں 2جنگیں لڑیں۔ہم نے دہشت گردی کیخلاف امریکی جنگ میں70ہزار پاکستانیوں کی قریانی دی ہے، ہماری معیشت کو اس جنگ کے باعث 100 ارب ڈالرز سے زائد کا سنگین دھچکا لگااس جنگ سے ہمارے معاشرے پر بھی گہری ضرب آئی اور ناقابل بیان نقصان پہنچا۔ عمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امریکا سے کہا جائے کہ اب مزید کبھی نہیں۔ہمیں امریکا اور بھارت کی ناکام پالیسیوں کا ملبہ اٹھانے سے بھی یکسر انکار کردینا چاہیے۔



سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف نے ن لیگ کی جانب سے آئین بدلنے کی کوششوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ شریف خاندان کی کرپشن کو قانونی شکل دینے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔آئین کے آرٹیکل 63-62سے چھٹکارا چاہتی ہے۔شریف خاندان کی کرپشن بچانے کے لیے آئین بدلنے کی کوششیں انتہائی شرمناک ہیں۔قوم آئین بدلنے کی کوششوں پر شدید مزاحمت کرے گی۔ عمران خان نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ شریفوں کی کرپشن بچانے کے لیے آئین کا حلیہ بگاڑنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر نکل آئیں گے۔