


لاہور(جسارت نیوز) انگلش ٹیم کے سابق کپتان پال کولن ووڈ، ویسٹ انڈین کرکٹر سیموئل بدری، جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی اور مورنے مورکل پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کا حصہ بننے کیلیے تیار ہیں۔ورلڈ ٹی 20 کی فاتح انگلش ٹیم کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر نے ورلڈ الیون کیلیے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے اور وہ اینڈی فلاور کی کوچنگ میں لاہور آنے والی ٹیم کے ساتھ 12، 13 اور 15 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے، ورلڈ الیون میں شمولیت کی صورت میں کولنگ ووڈ کی کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈرہم کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے، ورلڈ الیون کے ہر ممبر کو 75 ہزار پاؤنڈ کے قریب ادائیگی کی جائے گی جس کو بین الاقوامی سیریز کا درجہ دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹر سیموئل بدری، جنوبی افریقی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی اور مورنے مورکل نے بھی ورلڈ الیون کے لئے دستیابی ظاہر کر دی ہے۔قبل ازیں پاکستان کا دورہ کرنے والی عالمی ٹیم کیلیے جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور عمران طاہر کے نام سامنے آئے ہیں۔دوسری طرف آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت جنوبی افریقی کھلاڑی ہاشم آملہ یا فاف ڈوپلیسی کو سونپی جا سکتی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈذرائع کے مطابق ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کے فرائض ہاشم آملہ یا پھر فاف ڈوپلیسی انجام دے سکتے ہیں۔فاف ڈوپلیسی اس وقت جنوبی افریقا کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے بھی کپتان ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ، ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کے مالی معاملات اور بیمہ کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہی ہیں۔آئندہ چند روز میں جیسے ہی پاکستان آنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے طے کرلیے جائیں گے، ورلڈ الیون ٹیم اور اس کے کپتان کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔خیال رہے کہ ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اور مینیجر کی حیثیت سے زمبابوے کے اینڈی فلاور پاکستان آئیں گے جنہیں آئی سی سی نے یہ ذمہ داریاں سونپی ہیں۔