بھارت میں ایک اور ٹرین حادثہ‘ 81زخمی

340
نئی دہلی: بھارت کی ریاست اترپردیش میں ریل گاڑی سے تصادم کے باعث ڈمپر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی ریاست اترپردیش میں 4 روز کے اندر ایک اور ریل گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی ہے، جس میں 81 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق کیفیات ایکسپریس دہلی سے اعظم گڑھ جارہی تھی کہ بدھ کی صبح کانپور کے قریب اوریا نامی مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا، جب کیفیات ایکسپریس ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ٹرین کا انجن اور اس کی 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حکام کے مطابق حادثے میں 81 مسافر زخمی ہوئے ہیں، جن میں 4 کی حالت نازک ہے، جب کہ اکثر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ زخمیوں کو مقامی سول اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔



شمال مرکزی ریلوے کے عوامی رابطے کے افسر امت مالویہ کے مطابق ٹرین حادثہ تقریباً 3 بجے صبح اس وقت ہوا جب ایک ریلوے کراسنگ پر ڈمپر سے ٹرین کا انجن ٹکرا گیا۔ یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرین کے انجن کے ساتھ ساتھ کئی بوگیاں بھی پٹری سے اتر کر بکھر گئیں۔ محکمہ ریل کے ڈی جی پی آر او انیل سکسینہ نے بتایا ہے کہ امدادی آپریشن جاری ہے اور وہاں خصوصی ٹرین بھیجی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ دہلی اور ہاوڑہ کے روٹ پر ہوا، اس لیے اس روٹ کی دیگر ٹرینیں بھی متاثر ہوئیں۔ یاد رہے کہ بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ریاست اتر پردیش میں ٹرین کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل 19 اگست کی رات کو مظفر نگر میں کھتولی کے پاس ہونے والے ایک بھیانک حادثے میں 23 مسافر ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔