الخدمت کراچی کی جانب سے رکشہ مالکان کے اعزاز میں عشائیہ

182
الخدمت کراچی شعبہ روزگار کے تحت دیے گئے رکشوں کے مالکان کے اعزاز میں عشائیے سے اسامہ رضی خطاب کر رہے ہیں،راشد قریشی،نوید علی بیگ،عنایت اللہ اسماعیل بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کے شعبہ مواخات کے تحت ان رکشہ مالکان کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ، جنہیں گزشتہ عرصے کے دوران روزگار اسکیم کے تحت رکشے فراہم کیے گئے تھے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اسامہ رضی خان نائب امیر جماعت اسلامی کراچی تھے ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر اسامہ رضی خان نے کہاکہ الخدمت کا اولین مقصد انسانیت کی خدمت ہے۔ اسی مقصد کے حصول کی خاطر ہم بے سہارا اور معاشرے کے پسماندہ افراد کو روزگارحاصل کرنے میں مالی معاونت فراہم کرتے ہیں تاکہ غربت کا کسی حد تک خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت نے اپنی حد تک اپنا فرض ادا کر دیا ہے۔ اب یہ آپ سب لوگوں کی ذمے داری ہے کہ ہماری اس چھوٹی سی خدمت سے بھرپور استفادہ کریں۔



دیانت داری اور محنت سے اپنا کام کریں اور معاہدے کے مطابق الخدمت سے لیا گیابلا سودی قرض ماہانہ اقساط کی صورت میں باقاعدگی سے مقررہ مدت کے دوران واپس کر دیں۔ ہماری تمنا ہے کہ ایک دن آپ خود ان رکشوں کے مالک بن جائیں۔ ڈائریکٹر مواخات نوید علی بیگ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب کو حلال اور طیب رزق کے حصول کو ہی ممکن بنانا چاہیے اور یہی بہترین عبادت ہے۔آخر میں تمام رکشہ مالکان نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نے اس مجبوری کے عالم میں ہماری سفید پوشی کا بھرم برقراررکھنے میں ہماری جو مددکی ہے، اس پر ہم الخدمت کے انتہائی مشکور ہیں ۔ ڈاکٹراسامہ رضی ، راشد قریشی، نوید علی بیگ اور عنایت اللہ اسماعیل نے رکشہ مالکان میں قرآن حکیم کے پاکٹ سائز کے نسخے بھی تحفتاً تقسیم کیے۔