پولیس سے متعلق زیر التوا کیسز کے جوابات جلد جمع کروائے جائیں،آئی جی پنجاب

153
آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز سینٹرل پولیس آفس میں لیگل ونگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پولیس سے متعلقہ عدالتی کیسز میں ہونے والی پیش رفت ، عدالتی ریمارکس اور آئندہ سماعتوں کی تاریخ کے حوالے سے نہ صرف ” پولیس لیگل افیئرزمانیٹرنگ ایپ” کوفوری اپ ڈیٹ کیا جائے بلکہ ایپ میں ایسا سسٹم بنایا جائے کہ صوبے کی کسی بھی عدالت میں پولیس سے متعلق دائر ہونے والی ہر درخواست پر متعلقہ سینئر افسران کو فی الفور ایک پیغام چلا جائے تاکہ وہ آئندہ سماعت پر بھرپور تیاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوسکیں۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں پولیس سے متعلق زیر التوا کیسز کے جوابات جلد از جلد جمع کروائے جائیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لیگل ونگ کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب، اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی آئی ٹی، ہمایوں بشیر تارڑ،اے آئی جی مانیٹرنگ، احسن یونس، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ، عبدالرب اور اے آئی جی لیگل، رانا محمد الیاس کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس لیگل افیئرزمانیٹرنگ ایپ‘‘میں ایسا سسٹم بھی شامل کیا جائے جس میں تمام اضلاع میں ہر برانچ یہ جان سکے کہ اس کے مجموعی طور پرکتنے کیسز عدالت میں زیر التوا ہیں اور ان کیسز کو نمٹانے کیلیے پیروی افسران کی پرفارمنس کیا ہے۔