بارش نے مویشی منڈی میں تباہی مچادی‘ چارہ نایاب ہونے لگا

403
تیز ہوا کے باعث سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں لگا سائن بورڈ گرا ہواہے ، چھوٹی تصویر میں منڈی زیر آب آئی ہوئی ہے

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)سپر ہائی وے پر عید الاضحی کے موقع پر لگائی جانے والی ایشیا کی سب سے بڑی مو یشی منڈی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال مزید ابتر ہوگئی۔ ایک لاکھ سے زائد موجود مویشیوں کے لیے چارہ نایاب ہوگیا ہے۔منڈی میں جگہ جگہ پا نی جمع ہے، بیو پا ریو ں اور خر ید اروں کو مشکلا ت کا سا منا کر نا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطا بق پیر کی شب ہو نے والی طوفانی بارش کے بعد مویشی منڈی اجڑ گئی اور چاروں بلاکوں میں پانی بھر گیا۔وی آئی پی بلاک سمیت پوری منڈی میں شامیانے اور ٹینٹ اکھڑ گئے ۔ منڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آندھی کے دوران وی آئیِ پی بلاک میں دل پسند اور آفریدی کے سائن بورڈ سمیت مختلف سائن بورڈ گر گئے ۔ دوسری جا نب منڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ گز شتہ شب ہونے والی بارش میں جانوروں کا چارہ بہہ گیا جس کے باعث ڈ یڑھ لاکھ سے زائد جانوروں کی خوراک کے لیے بیو پاری مارے مارے پھرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔



منڈی میں جگہ جگہ جمع پانی اور کیچڑ کے باعث جانوروں میں بیماریاں پھیلنے کا خد شہ پیدا ہو گیا ہے۔ مویشی منڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلے آسمان تلے موجود بیوپاری داد رسی کے منتظر ہیں۔ تاہم مویشی منڈی کی انتظامیہ کے ناقص انتظامات کے باعث خریدار بھی مویشی منڈی سے غائب ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کے جانور فروخت کے لیے لانے والے بیوپاری جانوروں کو خوراک دینے سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ مویشی منڈی میں بارشوں کے باعث تمام نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جبکہ بجلی کی فراہمی کے لیے لگائے گئے جنریٹر بھی خراب ہو چکے ہیں۔ جس کے باعث اندھیرے میں بیو پاری اپنے جانور کھلے آسمان تلے لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔بارش کے بعد جانوروں میں خارش اور بخار سمیت دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ بیوپاری بھی اچانک ہونے والی بارش کے بعد سے پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔



بیوپاری کہتے ہیں کہ انتظامیہ صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔اطلاعات کے مطابق منڈی انتظامیہ کے ناقص انتظامات کے باعث بیو پاری جانوروں کو خرید دام میں بھی فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم اسکے باوجود شہر ی مویشی منڈی میں آنے کے بجائے شہر بھر میں لگائی جانے والی غیر قانونی عارضی مویشی منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں۔دوسری جانب مویشی منڈی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ اورپاک آرمی کی مدد سے مویشی منڈی بحال کرنے میں مصروف ہیں۔ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کی اپیل پر پاک فوج نے منڈی میں ریسکیو کاکام شروع کر دیا ہے اورانتظامیہ نے کام کی رفتا ر بڑھانے کے لیے اسٹاف کی تعدادکود گنا کردیاہے۔پاک آرمی اور سی بی ایم کی مدد سے جلد ہی راستوں کی بحالی میں کامیاب ہو جائیں گے۔