شام ‘ فضائی حملے میں 70شہری شہید

224
دمشق: شام کے وسطی صوبے حما میں بمباری سے تباہ ہونے والے مکان کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے‘ چھوٹی تصویر ماسک پہنے اسدی فوجیوں کی ہے

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے وسطی صوبے حما میں روس اور بشارالاسد کی افواج نے شدید بم باری کی ہے، جس کے نتیجے میں 70 شہری شہید ہوئے ہیں۔ شامی حزب اختلاف کے ذرائع کے مطابق منگل کے روز وسطی صوبے حما کے مشرقی قصبے رویضہ میں پناہ گزینوں کی خیمہ بستی پر کلسٹر بم گرائے گئے، جس کے نتیجے میں 60 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ اسی طرح روس کے جنگی طیاروں نے توینہ نامی قصبے پر بھی شدید بم باری کی جس کے نتیجے میں 10 شہری مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں مقامات پر شہید اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی ہے۔



ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کئی حملوں میں کیمیائی گیسیں بھی استعمال کی گئیں۔ علاقے میں طبی سہولتیں میسر نہ ہونے کے باعث زخمیوں کی مرہم پٹی کرنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ دوسری جانب مشرقی شہر رقہ میں امریکی حمایت یافتہ کردوں اور شدت پسند تنظیم داعش کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ کرد ملیشیا نے بدھ کے روز رقہ شہر کے رشیدنامی علاقے پر مکمل قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔